بالی وڈ اداکار سیف علی خان ’سیکرڈ گیمز‘ نیٹ سیریز کے دوسرے سیزن کے لیے بہت پرجوش ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ان کا ڈیجیٹل دنیا میں آنے کا فیصلہ اب تک کا سب سے اچھا قدم تھا لیکن بالی وڈ کے ’مسٹر پرفیکٹ‘ یعنی عامر خان کو اس کے متعلق بہت سارے سوالات تھے۔
انڈین ویب سائٹ کوئنٹ کے ساتھ بات چیت میں سیف علی خان نے عامر خان کے سوالات کے بارے میں بتایا: ’آپ جانتے ہیں عامر کی رائے کی میں قدر کرتا ہوں اور جہاں تک فلم کا سوال ہے میں ان کا مداح ہوں۔ انھوں نے مجھے ایک پیغام بھیجا کہ وہ مجھ سے بات کرنا چاہتے ہیں، اس لیے میں نے انھیں فون کیا۔ تو انھوں نے پوچھا کہ یہ ترویدی کون ہے، کیا وہ مر گیا، کیا ہوا۔ اس قسم کے اس کے بہت سارے سوالات تھے جس کے جواب میں نہیں دے سکا۔‘
دراصل جب عامر خان سیکرڈ گیمز دیکھ رہے تھے ان کے سامنے یہ سارے سوالات ابھرے اور انھوں نے براہ راست سیف علی خان سے رابطہ کیا لیکن ان کے ہاتھ مایوسی لگی۔
دونوں اداکار فلم ’دل چاہتا ہے‘ میں ایک ساتھ تھے اور اب یہ خبریں ہیں کہ ایک بار پھر دونوں ساتھ آ رہے ہیں۔
ڈیجیٹل ورلڈ کے بارے میں سیف علی خان نے کہا کہ ’یہاں بالکل مختلف رفتار ہے، ٹون اور ایکٹنگ بھی مختلف ہے یعنی اس میں وہ آپ کے زیادہ اندر کے احساس کو باہر لانے کی کوشش کرتے ہیں۔ آپ کو کیمرے پر بھروسہ کرنا ہوگا کہ اگر آپ کے اندر جذبات ابل رہے ہیں تو وہ اس کی درست طریقے سے عکاسی کرے گا۔‘
سیکرڈ گیمز میں ان کے ساتھ نواز الدین صدیقی، پنکج ترپاٹھی، کالکی کوچلن اور رنویر شوری وغیرہ شامل ہیں۔
کرن جوہر کی پارٹی پر ہنگامہ
بالی وڈ میں فلم ساز کرن جوہر پارٹی دینے کے لیے مشہور ہیں لیکن گذشتہ دنوں انھوں نے جو پارٹی دی وہ تنازعے کا باعث بن گئی ہے۔
گذشتہ دنوں اس کی ویڈیو خود کرن جوہر نے جاری کی تھی جس میں اداکارہ دیپکا پاڈوکون، رنبیر کپور، وکی کشال، ارجن کپور، ملائکہ اروڑہ، شاہد کپور وغیرہ نظر آ رہے ہیں۔
دہلی سے شریمنی اکالی دل کے ایم ایل اے منجندر سرسا نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ سب ’منشیات کے نشے کی حالت‘ میں تھے جبکہ کانگریس کے رہنما ملند دیورا نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے ان سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔
سرسا نے پنجاب میں نشے کے مسئلے پر مبنی فلم ’اڑتا پنجاب‘ کی طرز پر ’اڑتا بالی وڈ‘ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ لکھا: ’افسانہ بمقابلہ حقیقت دیکھیں کہ کس طرح بالی وڈ کے بڑے لوگ اپنے نشے کی حالت کا اظہار کر رہے ہیں۔ میں ان سٹارز کی جانب سے منشیات کے استعمال کے خلاف اپنی آواز بلند کرتا ہوں۔۔۔‘
اس کے ساتھ انھوں نے ان لوگوں کو ٹیگ کیا اور کہا کہ جو اس سے متنفر ہوئے ہیں اسے ری ٹویٹ کریں۔
ملند دیورا نے ان کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے لکھا: ’میری اہلیہ بھی اس شام کو وہاں موجود تھیں۔ کوئی بھی ’ڈرگز کی زد‘ میں نہیں تھا۔ اس لیے جھوٹ پھیلانا اور لوگوں کو بدنام کرنا بند کیجیے جنھیں آپ جانتے تک نہیں۔ مجھے امید ہے کہ آپ میں اتنی ہمت ہوگی کہ آپ غیرمشروط معافی مانگيں گے۔‘
ادکارہ پرینکا چوپڑہ کا کیک
اداکارہ پرینکا چوپڑہ خبروں میں رہنے کا ہنر جانتی ہیں۔ ان کی ہر ادا میں جہاں جلوہ سامانیاں ہوتی ہیں وہیں اس میں بزنس کا بھی عمل دخل ہوتا ہے۔ جیسے شادی کا ان کا جوڑا کتنی قیمت کا تھا تو انگوٹھی کتنے کی تھی۔ پہلا تحفہ کتنے کا تھا۔ اور انھوں نے کسی موقعے پر جو لباس زیب تن کیا اس کی قیمت وغیرہ۔
ان کے برتھ ڈے کو گزرے ہوئے دو ہفتے سے زیادہ ہو گئے لیکن ابھی تک اس کے چرچے تھمنے کا نام نہیں لے رہے۔ انھوں نے اپنی 37 ویں سالگرہ میامی میں منائی جس کی جھلک آپ لوگ دیکھ چکے ہیں۔
لیکن ان دنوں ان کے برتھ ڈے کا کیک اس وقت سے سوشل میڈیا پر چھایا ہوا ہے جب سے اس کے بنانے والے ڈیوائن ڈلیکیسیز کیکس نے اس کی قیمت ظاہر کی ہے۔
پنک ولا کے مطابق اس کیک کا آرڈر پرینکا کے شوہر نک جوناس نے دیا تھا جو کہ ان کے یوم پیدائش کے پر پہنے سرخ لباس سے پوری طرح ہم آہنگ تھا۔
اس کیک کی قیمت پانچ ہزار ڈالر بتائی گئی ہے جو کہ انڈیا کے ساڑھے تین لاکھ جبکہ پاکستان کے تقریبا سات لاکھ روپے بنتے ہیں۔
پنک ولا کے مطابق یہ کیک پانچ منزلہ تھا اور اس کی تزئین کرنے والے فنکار نے بتایا کہ نک جونز نے سرخ کے ساتھ سنہری میناکاری کے لیے کہا تھا کیونکہ وہ پرینکا کو پسند ہے۔