Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں کوکین کے کولمبیئن سمگلروں والے ملبوسات پر پابندی

سعودی وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے کوکین کے کولمبیئن سمگلروں کے ملبوسات میڈلن کارٹل پر پابندی لگادی۔ پابندی کے بعد کوئی بھی تاجر نہ یہ ملبوسات درآمد کر سکے گا اور نہ ہی سعودی بازاروں میں انہیں فروخت کر سکے گا ۔
سعودی عرب کے مقامی نیوز ویب سائٹ عاجل نیوز کے مطابق کولمبیا میں نشہ آور اشیا کا دھندا کرنے والوں کا ایک گروہ میڈلن کارٹل ملبوسات استعمال کرتا ہے۔ یہ ملبوسات اس گروہ کی پہچان مانے جاتے ہیں۔ ان کا ڈیزائن سماجی ذوق پر پورا نہیں اترتا۔
سعودی وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے سعودی ایوانہائے صنعت و تجارت کونسل کو تحریری طور پر کہا ہے کہ تمام تاجروں کو میڈلن کارٹل ملبوسات کی درآمد اور کاروبار سے منع کر دیا جائے ۔
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ مہینے سعودی دفتر خارجہ نے وزارت تجارت و سرمایہ کاری کو خط لکھ کر بتایا تھا کہ مملکت کی بعض دکانوں پر میڈلن کارٹل ملبوسات فروخت کیے جارہے ہیں انہیں مارکیٹ سے ہٹوا دیا جائے۔ وزارت تجارت نے اسی خط کے تناظر میں مذکورہ پابندی عائد کی ہے ۔
کولمبیا کے جرائم پیشہ عناصر جنوبی کوریا اور امریکہ کے درمیان کوکین کی سمگلنگ کا دھندہ کر رہے ہیں ۔ ان کا صدر دفتر میڈلن میں ہے ۔اس گروہ کو مذکورہ نام امریکی جریدے میامی ہیرالڈ کے بعض صحافیوں نے 1986 میں دیا تھا۔
کوکین کا دھندہ کرنیوالوں کا گروہ ساتویں عشرے کے شروع میں قائم ہوا تھا اس کے بانی نشہ آور اشیا کے خودساختہ حکمران گونزالو روڈریگیوز گاچا،پابلو اسکوبر،کارلوس لیھڈر، فیبیو اور جوآن ڈیوڈ تھے ۔
اس گروہ نے 1970سے 1980کے دوران کولمبیا، بولیویا، ہندوراس، پیرو،امریکہ ، کینیڈا اور یورپی ممالک میں اپنا کاروبار چمکایا تھا۔ اس وقت یہ گروہ امریکہ میں کوکین کی 90 فیصد مارکیٹ اور یورپی ممالک کی  80فیصد مارکیٹ پر چھایا ہوا تھا۔

شیئر: