Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جب بالی وڈ کی ’ڈانس کوئین‘ نے سب کو نچا دیا

مادھوری ڈکشٹ ’ڈانس دیوانے‘ شو کے ججوں میں شامل ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
بالی وڈ کی سائنس فکشن فلم ’مشن منگل‘ کی کاسٹ آج کل اپنی فلم کی پروموشن میں خاصی مصروف ہے کیونکہ یہ 15 اگست کو ریلیز ہونے جا رہی ہے۔
اسی سلسلے میں پیر پانچ اگست کو فلم کی کاسٹ نے سلمان خان کے ساتھ مادھوری ڈکشت کی فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ کی سلور جوبلی کے موقعے پر رئیلٹی شو ’ڈانس دیوانے‘ میں شرکت کی۔
مزے کی بات یہ ہے کہ اس رئیلٹی شو کے ججوں میں مادھوری ڈکشت بھی شامل ہیں جبکہ ان کے شو میں شریک ہونے والی فلم کی کاسٹ میں بالی وڈ کے ’کھلاڑی‘ اکشے کمار کے ساتھ اداکارہ ودیا بالن، تاپسی پنوں، سوناکشی سنہا اور نیتھیا مینن شامل تھے۔
شو کے سیٹ پر اداکاراؤں ودیا بالن، تاپسی پنوں، سوناکشی سنہا اور نیتھیا مینن نے ناصرف ’ڈانس کوئین‘ مادھوری کے ساتھ ڈانس کے جوہر دکھائے بلکہ انسٹاگرام پر اپنی اپنی تصاویر بھی شیئر کیں۔

 مادھوری جو فلم ’دل تو پاگل ہے‘ اور ’آرزو‘ میں اکشے کمار کے ساتھ کام کر چکی ہیں نے ڈانس شو کے سیٹ سے اداکار کے ساتھ انسٹاگرام پر تصویر شیئر کی اور اس کے ساتھ دل کا نشان بنایا۔
اس تصویر کے نیچے پوجا یادو نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’واہ، آپ دونوں ہی میرے فیورٹ ہیں، لو یو‘۔
تاپسی پنوں نے بھی انسٹاگرام پر مادھوری کے ساتھ تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ’ہم آپ کے ہیں کون کے 25 برس اور کیا بہترین دن ہے اس خوبصورت خاتون (مادھوری) سے ملنے کا جس نے ہمیں زندگی میں خوشی، کامیابی اور خوبصورتی جیسے مقاصد سکھائے۔‘

جب سب ہی تصاویر شیئر کر رہے تھے تو پھر سوناکشی کسی سے پیچھے کیسے رہ سکتی تھیں۔ انہوں نے بھی انسٹاگرام کا رخ کیا اور مادھوری کے ساتھ اپنے ڈانس کرنے کی تصاویر شیئر کیں۔

شو کے سیٹ پر مادھوری ڈکشٹ نے سب کو نچایا، تصویر: انسٹاگرام

خیال رہے کہ فلم ’مشن منگل‘ کی کہانی انڈیا کے پہلے خلائی مشن کے گرد گھومتی ہے۔

شیئر: