حج مقامات کے سکیچ بنانے والا آرٹسٹ
مکہ مکرمہ حج ایام میں دنیا بھر کے مسلمانوں کی جیتی جاگتی تصویر بنا ہوا ہے۔ یہاں آنیوالوں میں ان پڑھ بھی ہیں۔ اسلامی علوم کے ماہرین سے لیکر سائنس اور ٹیکنالوجی کی منفرد شخصیات شامل ہیں ۔یہاں آنیوالوں میں آرٹسٹ بھی ہیں اور ان کے فن کو سلام تعظیم پیش کرنیوالے عازمین حج بھی ہیں۔
سبق کے مطابق تجریدی آرٹ کے ماہر محمود ریاض حج پر آنیوالوں کا دل جیتنے کےلئے حج مقامات کی منہ بولتی تصاویر بنا رہے ہیں۔ یہ گھنٹوں حاجیوں کی بھیڑ میں بیٹھ کر ان کے من پسند اسکیچ تیار کر رہے ہیں۔ حج پر آنیوالوں میں سے کوئی ان سے فرمائش کرتا ہے کہ مجھے خانہ کعبہ کا اسکیچ بنا دو، کوئی خانہ کعبہ کا دروازہ ، کوئی مسجد الحرام تو کوئی مقام ابراہیم تو کوئی صفا و مروہ کے مناظر پر مشتمل تصویر تیار کرنے کی فرمائش کرتا ہے ۔
محمود ریاض بتاتے ہیں کہ حج پر آنیوالے ان سے جو فرمائش کرتے ہیں وہ اسے حتی لامکان پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ حج پر آنیوالے ان کے بنائے ہوئے حج مقامات کے اسکیچ ناقابل فراموش یاد کے طور پر اپنے اپنے وطن لے جائیں گے ۔میں جب عازمین حج کی اس کیفیت کے بارے میں سوچتا ہوں تو خوشی سے سرشار ہو جاتا ہوں۔
محمود ریاض نے بتایا کہ وہ منیٰ ، مزدلفہ ، عرفات اور مسجد الحرام کی منہ بولتی تصاویر حج پر آنیوالوں کے سفر حیات کو لازوال بنانے کےلئے تیار کرتے ہیں۔
محمود ریاض نے بتایا کہ حج مقامات کے اسکیچ بنوانے والے حاجی ایک طرح سے اپنا وقت ہلکی پھلکی تفریح کی نظر بھی کرنا چاہتے ہیں۔
محمود ریاض نے اپنے فن پاروں کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ عام طور پر سرمئی رنگ استعمال کرتا ہوں ۔ بعض اسکیچ روغنی اور دیگر واٹر کلر کے ہوتے ہیں ۔ ہر روز کئی اسکیچ تیارکرلیتا ہوں ۔ میری خواہش اور کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ سے زےادہ عازمین حج کی فرمائشیں پوری کر سکوں۔