Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطری حاجی مکہ مکرمہ پہنچ گئے ، سعودی وزیر

سعودی وزیر حج و عمرہ محمد بن بنتن نے بتایا ہے کہ قطری عازمین،حج پر مکہ مکرمہ پہنچ گئے۔سعودی قیادت کی ہدایت پر انہیں تمام سہولتیں مہیا کی گئیں۔قطری عازمین حج کےلئے جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے مملکت پہنچ سکتے ہیںاور حج خدمات کی بکنگ آن لائن کراسکتے ہیں۔
قطری عازمین کی مملکت آمد اس حوالے سے اہم واقعہ ہے کہ قطری حکومت اپنے شہریوں اور اپنے یہاں مقیم غیر ملکیوں کو حج پرجانے کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے ، سعودی عرب نے ایک سے زائد بار قطری عازمین حج کو آن لائن رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی ، ویب سائٹ لنک جاری کیا جبکہ حکومت قطر سعودی حکومت کا جاری کر دہ ویب سائٹ لنک قطر میں بلاک کر دیتی تھی۔
الشرق الاوسط کے مطابق سعودی وزیر نے مکہ مکرمہ میں یہ بیان ”اسمارٹ حج پلیٹ فارم“ کے افتتاح کے موقع پر دیا۔انہوں نے اسکے پہلے مرحلے کے آپریشنل پلان سے بھی حاضرین کو مطلع کیا۔حاضرین کو اس کے تحت حج پر آنیوالوں کو متعدد خدمات آن لائن مہیا ہوں گی۔اس سہولت کے باعث حج خدمات فراہم کرنیوالوں کو بھی اپنا کام زیادہ بہتر شکل میں انجام دینے کا موقع ملے گا۔
سعودی وزیر حج نے بتایا کہ اسمارٹ حج پلیٹ فارم کے پہلے مرحلے کے تحت تمام عازمین کو اسمارٹ حج کارڈ مہیا کیا جا رہا ہے۔اسمارٹ حج کارڈ میں ہر حاجی کی نجی معلومات، صحت کوائف اور رہائش کا پتہ دیا جا رہا ہے ۔ اسمارٹ آلات پر اس کی ریڈنگ کا بندوبست کیا گیا ہے۔اس کی بدولت راستہ بھول جانیوالے حاجی کو تلاش کرنا آسان ہو گا۔انہیں مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ ، منیٰ ، مزدلفہ اور عرفات میں رہائش تک پہنچانا سہل ہو جائے گا۔
 

شیئر: