پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی معروف فنکار بہنوں عروہ اور ماورا حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈپریشن یا ذہنی صحت کا تعلق صرف اور صرف آپ کی غذا سے ہے۔
ایک نجی ٹی وی میں مارننگ شو کے دوران بہنوں نے ناظرین کو بتایا کہ ڈپریشن کا تعلق براہ راست اس کھانے سے ہے ’جو آپ اپنے اندر ڈال رہے ہیں۔‘ عروہ نے یہ بھی کہا کہ اس کے علاوہ ڈپریشن کسی بھی شے سے نہیں ہوسکتا۔
پاکستان کی ان اداکار بہنوں کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب سوشل میڈیا سے لے کر مختلف مواصلاتی ذرائع سے ذہنی صحت اور ڈپریشن و اینزآئٹی کے حوالے سے آگہی پھیلانے کی باتیں ہو رہی ہیں۔
اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خاصی نکتہ بھی چینی ہو رہی ہے۔
میری جوانا نامی ٹوئٹر ہینڈل سے ٹویٹ کیا گیا کہ ’میں نے آج برگر کھایا ہے ڈاکٹر عروہ حسین کون سی دوائی لوں؟‘
I had a burger today Dr Urwa Hocane konsi dawai loon?
— Mg. (@mariajuanaaaaaa) August 6, 2019
مہراور نامی ٹوئٹر ہینڈل سے طنزیہ انداز میں لکھا گیا کہ ’بہت زبردست، حسین سسٹرز کے کہے پر عمل کر کے اچھی غذا کھائیں اور ڈپریشن کو بھگائیں۔‘
GUYZ THIS JUST IN. EAT GOOD FOOD AND UR DEPRESSION AND MENTAL ILLNEZZIZ WILL GET CURED WOW :O Thanx Hocane Sisterz.
— m (@mehravarr) August 6, 2019
عرصہ دراز سے ڈپریشن یا ذہنی ہیجان کے شکار افراد کو پاگل ہونے کا طعنہ دیا جاتا تھا۔ مگر معاشرے میں اس کے برعکس اب اپنی ذہنی بیماری کو قبول کرنے کی بات ہونے لگی ہے جہاں اس بات پر زور دیا جاتا ہے کہ ڈپریشن کا ہونا کوئی انہونی بات نہیں بلکہ یہ مکمل طور پر ایک عام سی کیفیت ہے۔
لیکن کیا واقعی آپ کی خوراک کا تعلق آپ کی ذہنی صحت سے ہے اور یہ ڈپریشن کا باعث بھی بن سکتا ہے؟
کراچی میں ایک عرصہ سے لوگوں کو تھراپی دینے والی ماہر نفسیات شرمین خان کا کہنا تھا کہ ایسا بالکل نہیں ہے۔
انہوں نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ہماری نفسیات کا تعلق بہرحال ہمارے جسم سے ہوتا ہے یا خوراک سے مگر صرف اس کی وجہ سے ڈپریشن نہیں ہوسکتا۔ یعنی ایسا نہیں ہوگا کہ آپ فلاں چیز کھائیں اور ہمیشہ افسردہ رہیں اور لڈو کھالیں تو صدا خوش و خرم رہیں۔ ایسا ہرگز نہیں ہے۔‘
![](/sites/default/files/pictures/August/36476/2019/depression.jpg)