اس سال 50سعودی قیدیوں کو بھی حج کرایا گیا
سعودی محکمہ جیل خانہ جات نے اس سال قیدیوں کے حوالے سے نئی روایت قائم کی ہے ۔ پہلی مرتبہ 50 سعودی قیدیوں اور ان کے32 اہل خانہ کو حج کا موقع دیا گیا۔ محکمہ جیل خانہ جات نے جیل حکام اور قیدیوں کے درمیان اعتماد کا رشتہ بحال کرنے کے لئے ایک ادارہ ’ثقہ‘ کے نام سے قائم کیا ہے ۔ اس کے تحت قیدیوں کو حج کرایا گیا ۔
اخبار 24کے مطابق حج کرنے والے قیدی فوجداری یا بدامنی کے مقدمات کے مجرم تھے۔ انہیں عام حاجیوں کی طرح حج کے تمام کام انجام دینے کا موقع فراہم کیا گیا۔ انہیں عصری سہولتوں سے آراستہ مکانات میں ٹہرایا گیا۔ اعلی درجے کی سہولتیں مہیا کی گئیں۔ جدیدترین ائیر کنڈیشنڈ بسوں سے سفر کرایا گیا۔ نگرانی کے لئے محکمہ جیل خانہ جات کے چند اہلکاروں کو بھی ان کے ہمراہ رکھا گیا تھا ۔
حج کرنے والے قیدیوں کو پہلے8 ذوالحجہ کو منی لے جایا گیا ۔ وہاں انہوں نے ظہر عصر اور مغرب کی نمازیں ادا کیں پھر اگلے دن عام حاجیوں کی طرح میدان عرفات میں وقوف کرایا گیا ۔انہوںنے مزد لفہ میں رات گزاری اور پھر 10 ذوالحجہ کو بڑے شیطان کی رمی کرائی گئی۔ رمی کے بعد انہیں جیل خانے کے زیر انتظام رہائش پہنچا دیا گیا ۔ قیدی حاجیوں نے بعد ازاں تینوں شیطانوں کی رمی کی اس دوران انہیں کسی طرح کی کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔
’ثقہ‘ پروگرام کے تحت محکمہ جیل خانہ جات قیدیوں کو معاشرے کا صالح حصہ بنانے کے لئے کوشاں ہے ۔جیل انتظامیہ کی کوشش ہے کہ جب یہ قیدی جیلوں سے رہا ہوں تو یہ معاشرے میں گھل مل جائیں اور ایک اچھے شہری کے طور پر اپنی زندگی گزاریں۔ حج کے دوران ان کے لئے ثقافتی اور دینی پروگرام بھی ترتیب د:ئیے گئے تھے۔