فرضی کرنسی کی ترویج میں ملوث افراد کے خلا قانونی چارہ جوئی ہوگی ۔
سعودی وزارت خزانہ نے خبردار کیا ہے کہ ای کرنسی ’کرپٹوریال‘ پھیلائی جا رہی ہے ۔ اس سے خبر دار رہا جائے ۔اس کی کوئی سرکاری حیثیت نہیں ۔ اس میں کسی قسم کا کوئی لین دین نہ کیا جائے ۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت خزانہ نے بتایا کہ سعودی عرب کے نام سے جو ای کرنسی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے اسے سعودی ریال کا نام دیا جا رہا ہے۔ اس کی شکل ویسی ہی ہے جیسی سعودی ریال کی ہے ۔
سعودی وزارت خزانہ نے انتباہ دیا کہ سعودی عرب نے کوئی ای کرنسی جاری نہیں کی ۔ کوئی بھی شخص نہ تو اس کرنسی میں لین دین کرے اور نہ ہی اس میں سرمایہ لگانے کی غلطی کا ارتکاب کرے ۔کرپٹو ریال کے نام سے جو کرنسی رائج کی جا رہی ہے وہ بنیادی طور پر کرنسی نہیں ۔مملکت کے اندر اس کی کوئی اساس نہیں ہے ۔ سعودی عرب اس قسم کی کرنسی کو کنٹرول کرنے کی پوزیشن میں بھی نہیں ہے ۔ یہ کرنسی مملکت کے باہر چل رہی ہے ۔ ایسے افراد اس کا دھندا کر رہے ہیں جنہیں مملکت کی جانب سے کسی طرح کی کوئی اجازت نہیں دی گئی۔اس قسم کی کرنسی میں دھوکہ دہی کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔
سعودی وزارت خزانہ نے عندیہ دیا ہے کہ جو لوگ بھی سعودی عرب کے نام سے فرضی کرنسی کی ترویج میں ملوث پائے جائیں گے ان کے خلاف مملکت کے متعلقہ ادارے قانونی چارہ جوئی کریں گے ۔