’دوران ڈرائیونگ 95 فیصد ڈرائیور اونگھتے ہیں‘
سعودی عرب میں 95فیصد ٹرک ڈرائیور ڈرائیونگ کے دوران اونگھتے ہیں ۔پرنس سلطان آرمی کالج فار ہیلتھ سائنس کے اسکالرز نے 2019ءکے دوران فیلڈ جائزے کی رپورٹ پیش کی ہے ۔
مکہ اخبار کے مطابق کالج کے اسکالرز نے مملکت بھر میں ایک جائزہ تیار کیا جس سے پتہ چلا کہ 95فیصد ٹرک ڈرائیور ایک ٹرپ کے دوران کم از کم ایک مرتبہ ضرور اونگھ کا شکار ہو جاتے ہیں ۔
بیشتر ٹرک ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 6ماہ کے دوران انہیں ایک سفر میں 5 مرتبہ نیند نے گھیرا۔جائزے میں شامل 94فیصد ڈرائیوروں نے بتایا کہ وہ روزانہ 5گھنٹے سے زےادہ ٹرک چلاتے ہیں ۔
338ٹرک ڈرائیوروں سے مختلف سوالات کئے گئے۔ سوال کرنیوالوں میں پرنس سلطان آرمی کالج فار ہیلتھ سائنس اور کنگ سعود یونیورسٹی میں میڈیکل ریسرچ سینٹر کے اسکالرز شریک رہے۔
اسکالرز نے ڈرائیوروں سے ایک سوال یہ بھی کیا کہ ٹرک چلاتے ہوئے انکی کارکردگی کیسی رہتی ہے اور کیا انہیں ٹرک چلاتے ہوئے تنفس کا عارضہ تو لاحق نہیں ہوتا۔جوابات سے پتہ چلا کہ ڈرائیوروں کی اچھی خاصی تعداد کو ٹرک چلاتے ہوئے تنفس کا مسئلہ پیش آتا رہتا ہے ۔
پرنس سلطان کالج میں سائنسی ریسرچ اور ہائی اسٹڈیز ادارے کے سیکریٹری ڈاکٹر محمد الاحمری نے بتایا کہ ٹرک چلاتے ہوئے اونگھ آجانا اور تنفس کا مسئلہ پیدا ہو جانا عام سی بات ہے ۔ٹرک حادثات کی بنیادی وجہ یہی دونوں مسئلے ہیں ۔حادثات میں جانی اور مالی دونوں طرح کے نقصانات ہوتے ہیں۔
اسکالرز نے سفارش کی ہے کہ شاہراہوں پر سلامتی کا معیار بہتر بنانے کےلئے ٹرک ڈرائیوروں کا میڈیکل چیک اپ کیا جانا ضروری ہے ۔اس حوالے سے احتیاطی تدابیر کا چارٹ جاری کیا جائے اور ضروری قانون سازی بھی کی جائے۔
ٹرک ڈرائیوروں پر کئے گئے جائزے سے 3اہم نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔پہلا نتیجہ یہ کہ 95فیصد ٹرک ڈرائیوروں کو اونگھ آتی ہے ۔ دوسری بات یہ سامنے آئی کہ 94فیصد ڈرائیور روزانہ 5گھنٹے سے زیادہ ٹرک چلاتے ہیں ۔تیسری بات یہ معلوم ہوئی کہ 29فیصد ٹرک ڈرائیور ایسے ہیں جو ڈرائیونگ کے دوران تنفس کے مسئلے سے پرخطر حد تک دوچار ہو رہے ہیں۔