یہ بھاری بھر کم شخصیت کوئی ریسلر ہیں نہ ہی کوئی سومو پہلوان بلکہ یہ ویسٹ انڈیز کے کرکٹر ہیں۔رحکیم کارنوال کا نام ویسٹ انڈیز کے دورے پر موجود انڈین ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے 13 رکنی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
اگر یہ کہا جائے کہ رحکیم موجودہ کرکٹرز میں سب سے زیادہ وزنی کھلاڑی ہیں تو یہ غلط نہ ہو گا، 6 فٹ 5 انچ طویل کرکٹر کا وزن 140 کلوگرام ہے جو تین من 20 کلو گرام بنتا ہے۔ رحکیم کارنوال اپنے آبائی علاقے میں ’جمبو‘ کے نام سے جانے جاتے ہیں۔
رحکیم کارنوال ویسٹ انڈین سکواڈ میں شامل کیے جانے پر بہت پرجوش دکھائی دیتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ انہیں اس لمحے کا بہت عرصے سے انتظار تھا، ٹیسٹ کرکٹ ان کے مزاج کے مطابق بھی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے دوستوں اور اہل خانہ کو مایوس نہیں کریں گے۔
رحکیم کارنوال یکم فروری 1993 کو ویسٹ انڈیز کے جزیدے اینٹیگا میں پیدا ہوئے۔ 26 سالہ ویسٹ انڈین آل راؤنڈر رحکیم دائیں ہاتھ سے آف بریک بال کرتے ہیں۔
وہ ویسٹ انڈیز میں لیورڈ آئی لینڈ اور سینٹ لوشیا سٹارز کی طرف سے کھیلتے ہیں۔
رحکیم 2016 میں ویسٹ انڈیز پریذیڈنٹ الیون کی جانب سے انڈیا اور 2017 میں انگلینڈ کے خلاف بھی کھیل چکے ہیں۔
انڈیا اے کے خلاف دو غیر سرکاری ٹیسٹ میچز میں دو نصف سینچریاں بنانے کے علاوہ پہلے ٹیسٹ میں چار وکٹیں بھی حاصل کر چکے ہیں۔
وہ فرسٹ کلاس کے 55 میچز میں 23.87 کی شرح سے 2224 رنز بنا چکے ہیں۔ ان کا سب سے زیادہ سکور 101 ہے۔ اس کے علاوہ وہ 13 نصف سینچریاں بھی بنا چکے ہیں۔
بولنگ میں وہ 260 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ 31 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 21 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر چکے ہیں۔فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی سب سے زیادہ وکٹیں 108 رنز دے کر 8 وکٹیں ہیں۔
رحکیم کی ٹی ٹوئنٹی میں بہترین بولنگ 10 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے سابق لیگ سپنر مشتاق احمد ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سپن بولنگ کوچ ہیں، انہوں نے اپنے تجربے کی روشنی میں رحکیم کو ان کی بولنگ کے حوالے سے مفید مشورے دیے۔
صدر کرکٹ ویسٹ انڈیز کا کہنا ہے کہ ایک خصوصی ٹیم رحکیم کی فٹنس پر توجہ دے رہی ہے اور ان کی غذا اور ٹریننگ کا بھی خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کھلانے کے لیے رحکیم کے وزن میں بتدریج کمی لانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ ان کا فٹنس لیول بہتر ہو۔