Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کرکٹ کی واپسی

پاکستان میں بین الااقوامی کرکٹ کی واپسی کے دروازے کھلنے لگے ہیں، فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں بین الااقوامی کرکٹ کی واپسی کے دروازے کھلنے لگے ہیں۔ پاکستانی اور سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلامیے کے مطابق سری لنکن کرکٹ ٹیم 25 ستمبر کو کراچی پہنچے گی جہاں وہ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں تین ایک روزہ بین الاقوامی میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ لاہورکا قذافی کرکٹ سٹیڈیم 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنینشل میچز کی میزبانی کرے گا۔
اس سے قبل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اکتوبر میں ٹیسٹ سیریز جبکہ دسمبر میں ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جانا تھی۔ تاہم سری لنکن کرکٹ بورڈ کی طرف پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کے بعد سیریز میں تبدیلی کی گئی ہے۔ یہ تبدیلی چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی اور سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر شمی سیلوا کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو میں کی گئی۔

پاکستانی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے اپنے سری لنکن ہم منصب سے رابطہ کیا، فوٹو: اے ایف پی

اردو نیوز کے نامہ نگار زبیر علی خان کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایک روزہ سیریز کا پہلا میچ 27 ستمبر کو نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ 29 ستمبر کو دوسرا اور دو اکتوبر کو تیسرا ون ڈے میچ بھی کراچی میں ہی کھیلا جائے گا۔
 سری لنکا کی ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے لاہور کا دورہ کرے گی جہاں پر قدافی سٹیڈیم میں 5 اکتوبر کو پہلا ، 7 اکتوبر کو دوسرا جبکہ 9 اکتوبر کو تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔ سری لنکا کی ٹیم 10 اکتوبر کو وطن واپس روانہ ہو جائے گی۔
پاکستان میں آخری بار دو طرفہ ایک روزہ سیریز مئی 2015 میں زمبابوے اور پاکستان کے درمیان کھیلی گئی تھی ۔ اس کے علاوہ پاکستان نے اپریل 2018 میں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کی میزبانی کی تھی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز ٹیسٹ چیمپئین شپ کا حصہ ہو گی، فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اور سری لنکن کرکٹ بورڈ کے درمیان ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز دسمبر میں کھیلنے پر اتفاق ہوا ہے ۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر نے کہا ہے کہ پاکستان میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے بعد پاکستان کی سکیورٹی کی صورت حال پر مزید اعتماد حاصل ہو جائے گا اور ٹیسٹ سیریز کا شیڈول طے کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز ٹیسٹ چیمپئین شپ کا حصہ ہو گی۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی نہ صرف شائقین کرکٹ کے لیے خوش آئند ہے بلکہ اس سے پاکستان کے نئے ڈومیسٹک ڈھانچے کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

شیئر: