اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ ہفتے کو سعودی عرب کے2 شہروں خمیس مشیط اور جازان پر ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی جانب سے ڈرون حملے پھر ناکام بنا د یے گئے۔ ڈرونز شہری اہداف کو نشانہ بنانے کے لئے بھیجے گئے تھے۔ اتحادی فورسز نے انہیں راستے میں روک کر تباہ کردیا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اتحادی ترجمان کرنل المالکی نے واضح کیا کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی طرف سے ڈرون حملوں کی تمام کوششوں کوناکام بنا دیا گیا۔ اتحادی فورسز نے ڈرون حملوںسے نمٹنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام آپریشنل طریقہ کار اور حکمت عملی اختیار کی ہے۔
ترکی الما لکی نے مزید کہا کہ متواتر دہشت گرد حملوں کی کوشش حوثیوں کی مایوسی ،انہیں ہونے والے نقصان اور خطے میں ایران کے پراکسیزکے جرائم کی تصدیق ہے۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ عرب اتحادبین الاقوامی انسانی حقوق قانون اور روایتی قوانین کے مطابق دہشت گردوں کے حملے کرنے کی صلاحیت کو تباہ کرنے اور انہیں غیر موثر کرنے کے لئے متحرک ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کی صبح بھی اتحادی فورسز نے سعودی عرب کے جنوبی شہر خمیس مشیط کو نشانہ بنانے کی حوثی کوشش ناکام بنا دی تھی۔ اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا تھا کہ حوثی باغیوں نے خمیس مشیط کی کمشنری عمران کی شہری آبادی کو نشانہ بناتے کے لیے 2 ڈرونز بھیجے، بر وقت اطلاع ملتے ہی سعودی ایئر فورس کی طرف سے کارروائی کی گئی۔
سعودی فضائیہ نے میزائل داغ کر حوثی ڈرونز کو فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا۔