دولہا شمس کی عمر 13 اور دلہن ایمان کی عمر 10برس ہے ۔
مصر کے الدقھلیہ صوبے کے شہر السنبلاوین میں منگنی کے 6برس بعد کم عمر جوڑے کی شادی دھوم دھام سے کردی گئی ۔دولہا شمس کی عمر 13برس اور دلہن ایمان کی عمر 10برس ہے ۔
مصری جریدے الیوم السابع کے مطابق 6برس قبل اگست 2013 میں ننھے جوڑے کی منگنی کی خبر ذرائع ابلاغ تک پہنچی تھی تو پورے ملک میں تحفظ اطفال کی انجمنوں نے اس پر تنقید کی تھی ۔
شمس اور ایمان نے تعلیم کا ایک مرحلہ مکمل کرنے پرشادی کا فیصلہ کیا ۔دولہا نے ثانوی ور دلہن نے مڈل اسکول کی تعلیم مکمل کی ہے ۔
دلہن کے ایک رشتے دار نے بتایا کہ دولہا اور دلہن کے والدین ایک دوسرے کے رفقائے کار ہیں ۔دونوں نے رشتہ اس جذبے کے تحت کیا تھا کہ ملازمت کا تعلق قرابت کے رشتے میں تبدیل ہو جائے ۔
6برس قبل سوشل میڈیا پر 2بچوں کے رقص کے مناظر دیکھ کر لوگ حیرت زدہ رہ گئے تھے ۔ دونوں بچے میوزک کی دھن میں اپنے رشتے داروں اور اہل خانہ کے احباب کے سامنے رقص کر رہے تھے ۔اس ویڈیو کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بتایا گیا تھا کہ یہ مصر میں سب سے ننھے جوڑے کی منگنی کی تقریب کی ویڈیو ہے ۔
انسانی حقوق کے علمبردار اداروں نے پبلک پراسیکیوٹر سے درخواستیں کی تھیں کہ اس شادی کو رکوایا جائے ۔انسانی حقوق کے علمبرداروںکو منگنی پر بھی اعتراض تھا ۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک لڑکا اور لڑکی شادی کی قانونی عمر تک نہ پہنچ جائیں اس وقت تک منگنی اور نہ شادی کی جائے ۔سوشل میڈیا پر ہنگامے کے بعد دونوں کے خاندانوں نے یہ کہہ کر جان چھڑا لی تھی کہ ابھی منگنی ہوئی ہے شادی نہیں ۔
واضح رہے کہ مصری قانون کے مطابق شادی کی کم از کم عمر 18 سال ہے۔