Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین کارکن کو یرغمال بنانے والا گروہ گرفتار

ریاض پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کر کہ گروہ کے 7 افراد گرفتار کر لیے۔
ریاض میں مقیم انڈین کارکن کو بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے ایک گروہ نے یرغمال بنا لیا، تاہم ریاض پولیس کی مداخلت سے کارکن رہا کروا لیا گیا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ریاض پولیس کے ترجمان کرنل شاکر التویجری نے بتایا کہ ریاض پولیس کو بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے ایک گروہ کی اطلاع ملی جس نے انڈین کارکن کو قید کر رکھا تھا۔ پولیس کے مطابق گروہ انڈین کارکن کے گھر والوں سے تاوان کے طور پر 70 ہزار ریال کا مطالبہ کر رہا تھا۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے تفتیشی ٹیم تشکیل دی جس نے گروہ کا سراغ لگا لیا۔ خفیہ معلومات کی بنیاد پر پولیس نے ریاض کے شمال میں واقع ایک فرنشڈ اپارٹمنٹ پر چھاپا مارا جہاں انڈین کارکن قید تھا۔
پولیس نے موقع پر موجود گروہ سے تعلق رکھنے والے 7 افراد کو بھی گرفتار کیا اور یرغمال ہونے والے کارکن کو بازیاب کر لیا۔

 انڈین کارکن کو بہلا پھسلا کر ایک اپارٹمنٹ میں لایا گیا جہاں پھر انہیں قید کردیا گیا تھا۔ 

ترجمان نے بتایا کہ گرفتار شدگان کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے اور وہ اس سے پہلے بھی کئی جرائم کر چکے ہیں۔
گروہ کے افراد نے اعتراف کیا کہ وہ انڈین کارکن کو بہلا پھسلا کر ایک فرنشڈ اپارٹمنٹ لے کر آئے تھے جہاں پھر انہیں قید کردیا گی تھا۔
قیدیوں نے مزید بتایا کہ انڈیا میں ان کے گھر والوں کو فون کرکے 70 ہزار ریال تاوان کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ انڈین کارکن کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا مکمل معائنہ کیا جائے گا۔
ریاض پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی سلامتی اور تحفظ اس کی اولین ذمہ داری ہے۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔
 

شیئر: