Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نادیہ کی مسکراہٹ کو نہیں بھلا پائیں گے‘

معروف صحافی نادیہ فیصل عرف نینی کراچی میں طویل علالت کے بعد انتقال کرگئیں۔
نادیہ کے شوہر فیصل رفیع نے منگل کی رات یہ خبر ٹوئٹر کے ذریعے لوگوں تک پہنچائی۔ ان کا کہنا تھا کہ نادیہ ایک عرصہ سے سرطان کے مرض میں مبتلا تھیں اور وہ اب اس دنیا میں نہیں رہیں۔
نادیہ قریباً دو دہائیوں سے پاکستان میں صحافت سے وابستہ تھیں اور ایک نجی ٹی وی چینل جیو پر گذشتہ 12 برس سے بطور ہیڈ انٹرٹینمنٹ ڈیسک سنبھال رہی تھیں۔
اس خبر کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے دوستوں اور چاہنے والوں نے ان کے حوالے سے تعزیتی پیغامات دیے اور ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
صحافی حسن زیدی کا کہنا تھا کہ نادیہ شدید علیل ہونے اور بستر پر رہنے کے باوجود زندگی سے بھرپور نظر آتی تھیں اور مہمان بھی ان کو دیکھ کر اچھا محسوس کرنے لگتے تھے۔
 

عائشہ خالد نے لکھا کہ کہ نادیہ ایک خوش مزاج انسان تھیں جن کی مسکراہٹ وہ ان کے جانے کے بعد اب تک محسوس کرسکتی ہیں۔

عامر غوری کا کہنا تھا کہ نادیہ شاید سرطان سے بازی ہار گئیں لیکن اس جدوجہد کے دوراں انہوں نے بہت سے دل جیت لیے ہیں۔

صحافی اویس توحید نے لکھا کہ نادیہ کی موت کا سن کے وہ افسردہ ہیں اور ان کو یاد ہے جب 12 سال قبل نادیہ ان کی ٹیم کا حصہ بنی تھیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نادیہ کی مسکراہٹ کو وہ اب تک نہیں بھلا پائے۔
مرحومہ کی نمازِ جنازہ بدھ کے روز کراچی میں سی ویو کے قریب ادا کی گئی۔

شیئر: