3شہریوں پر مشتمل گروہ نقاب پہن کر کارروائیاں کر رہا تھا
سعودی عرب میں مشرقی ریجن کے پولیس ترجمان کے مطابق غیر ملکی کارکنان کو لوٹنے والا سعودی گروہ گرفتار کر لیا گیا ۔ یہ گروہ 3شہریوں پر مشتمل تھا۔ نقاب پہن کر کارروائیاں کر رہا تھا ۔رہزنی ، چوری اور گھروں میں گھس کر غیر ملکی ملازماﺅں کےخلاف وارداتوں میں سرگرم تھا۔
اخبار24کے مطابق سعودی شہریوں نے دمام ، الخبر اور الظہران شہروں میں 5گاڑیاں چوری کیں جبکہ تجارتی مراکز پر حملے کر کے سامان اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے تھے ۔
پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ سعودی شہریوں نے گھر میں گھس کر ایک گھریلو ملازمہ کے ساتھ زیادتی بھی کی تھی ۔وہ اپنے اسپانسر کے گھر میں رہ رہی تھی ۔پولیس نے رہزنوں کے قبضے سے پستول ، نقاب اور دیگر اشیاءبرآمد کر لیں۔
پولیس ترجمان نے سبق کو بتایا کہ سعودی ڈاکوﺅں کی عمریں 30سے 40برس کے درمیان ہیں ۔انہوں نے 6وارداتوں ،گاڑیاں چوری کرنے کے 5واقعات کا اعتراف کر لیا ۔
مشرقی ریجن پولیس نے مقیم غیر ملکیوں اور سعودی شہریوں کو اطمینان دلایا کہ وہ اس طرح کے واقعات سے کسی بھی شکل میں خوفزدہ نہ ہوں ۔ پولیس چوکس ہے ۔ جو شخص بھی وہ ملکی ہو یا غیر ملکی قانون اپنے ہاتھ میں لے گا اسے اپنے کئے کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔معاشرے میں امن و سلامتی سے کھیلنے والوں کو کسی بھی شکل میں برداشت نہیں کیا جائےگا۔