Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تیز ترین‘ خاتون کار ریسر حادثے میں ہلاک

جیسی کومبز اپنی وطن جیٹ کار ڈرائیور کا رکارڈ توڑنا چاہتی تھیں، تصویر: اے ایف پی
دنیا کی تیز ترین خاتون کار ڈرائیور کا اعزاز رکھنے والی امریکہ کی جیسی کومبز منگل کو امریکی ریاست ’اوریگن‘ میں اپنا ہی ریکارڈ بہتر بناتے ہوئے بدترین حادثے میں ہلاک ہو گئیں، انہیں 2013 میں 398 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلانے پردنیا کی ’تیز ترین خاتون‘ کا اعزاز دیا گیا تھا۔
امریکی ریاست اوریگن کی پولیس کا کہنا ہے کہ 39 سالہ جیسی کومبز ہارنی کاؤنٹی کے ایلورڈ صحرا میں اس وقت حادثے کا شکار ہو گئیں جب وہ تیز رفتاری سے جیٹ کار چلانے کا نیا رکارڈ قائم کرنے کی کوشش کر رہی تھیں، پولیس نے حادثے کے بعد جیسی کومبز کو موقع پر ہی مردہ قرار دے دیا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی  اے ایف پی کے مطابق تاحال جیسی کومبز کے کار حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں، پولیس حادثے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

جیسی نے اپنی جیٹ کار کے ساتھ انسٹاگرام پر تصویر بھی شیئر کی تھی، تصویر: انسٹاگرام

گذشتہ سال اکتوبر میں انہوں ںے اپنا رکارڈ توڑنے کی کوشش کی تھی تاہم مکینیکل مسئلے کی وجہ سے اس رکارڈ کو تسلیم نہیں کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جیسی کومبز 481 میل فی گھنٹہ کی رفتار کے اپنے سابقہ رکارڈ کو توڑنے اور 483 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے نیا رکارڈ بنانے کی صلاحیت رکھتی تھیں۔
واضح رہے کہ جیسی کومبز نے خود کو چیلنج کیا تھا کہ وہ اپنی ہم وطن سٹنٹس کی ماہر ’کٹی او نیلز‘ کا ’ دنیا کی تیز ترین خاتون‘ کا عالمی رکارڈ توڑ دیں گی۔ کٹی او نیلز نے 1976 میں ایلورڈ صحرا میں ہی 512 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلاتے ہوئے یہ رکارڈ قائم کیا تھا۔

تیز ترین جیٹ کار ڈرائیونگ کا نیا رکارڈ قائم کرنا جیسی کی خواہش تھی، تصویر: انسٹاگرام

جیسی کومبز کئی امریکی ٹی وی شوز کا بھی حصہ رہ چکی ہیں، انہوں نے 2005 سے 2009 کے درمیان سپائیک ٹی وی شو ’ایکسٹریم فور بائی فور‘ کی 90 سے زیادہ اقساط میں شریک میزبان کی حیثیت سے شرکت کی۔
اس کے علاوہ انہوں ںے دیگر ٹی وی شوز ’ آل گرلز گیراج‘، اوورہالن‘ اور ’ متھ بسٹرز‘ میں بھی شرکت کی۔

جیسی کومبز شریک میزبان کی حیثیت سے کئی ٹی وی شوز کا حصہ رہیں، تصویر: اے ایف پی

’دی انڈیپینڈنٹ‘ کے مطابق جیسی کی سب سے بڑی خواہش دنیا کی اب تک کی تیز رفتار ترین خاتون جیٹ کار ڈرائیور کا اعزاز حاصل کرنا تھا اور وہ یہ خواب 2012 سے دیکھ رہی تھیں، اور جب وہ اس دنیا سے رخصت ہوئیں تو اس وقت بھی وہ اپنے خواب کو ہی شرمندہ تعبیر کرنے کی جدوجہد کر رہی تھیں۔
جیسی کومبز نے اتوار کو انسٹاگرام پر اپنی جیٹ کار کی تصویر کے ساتھ اپنا رکارڈ توڑنے کی خواہش کا اظہار کیا، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’لوگ مجھے پاگل کہتے ہیں، میں کہتی ہوں شکریہ۔

شیئر:

متعلقہ خبریں