عابد علی ’وارث‘ ڈرامہ سیریل میں دلاور کے کردار سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
پاکستان میں ٹی وی ڈراموں اور فلم کے معروف اداکار عابد علی کی نماز جنازہ مسجد عاشق بحریہ ٹاؤن کراچی میں نماز جمعہ کے بعد ادا کر دی گئی ہے۔ عابد علی عابد علی طویل عرصے سے جگر کے عارضے میں مبتلا تھے اور جمعرات کو کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔
عابد علی کی نماز جنازہ کے موقع پر ان کی صاحبزادیاں ایمان علی اور رحمہ علی موجود تھیں۔ نماز جنازہ میں نامور اداکار قومی خان، شہزاد رضا، تنویر جمال، عجب گل، اسد، فہد مصطفیٰ، نور الحسن اور دیگر نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کے بعد عابد علی کی تدفین بحریہ ٹاؤن کے ہی قبرستان میں کر دی گئی۔
عابد علی کی صاحبزادی رحما علی نے جمعرات کو انسٹاگرام پر اپنے والد کے انتقال کی خبر شیئر کی۔ انہوں نے لکھا کہ ’میرے ہاتھوں میں میرے باپ نے اپنی آخری سانسیں لیں۔ اس وقت کسی کا فون نہ سننے کے لیے معذرت خواہ ہوں۔ تاہم وعدہ کیا تھا کہ ان کے انتقال کی خبر میڈیا کو جاری کریں گے۔ جی ہاں، وہ چلے گئے۔‘
عابد علی پاکستان ٹیلی وژن کے سنہ 1979 میں نشر ہونے والے مشہور ڈرامہ 'وارث' میں 'دلاور' کے کردار سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے تھے۔ عابد علی کے مقبول ڈراموں میں 'پیاس'، 'دوریاں'، 'دشت'، 'مہندی'، 'دیار دل' اور جیو ٹی وی کا ڈرامہ 'میرا رب وارث' اور دیگر شامل ہیں۔
عابد علی کی وفات پر سوشل میڈیا پر صارفین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
فلم سینسر بورڈ کے چیئرمین دانیال گیلانی نے اپنے ایک ٹویٹ میں عابد علی کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ اور ٹی وی میزبان ڈاکٹر شائستہ لودھی نے لکھا، ’وارث میں دلاور سے لے کر ’دیارِ دل‘ میں آغا جان کے کردار تک عابد علی اپنے کام میں بہترین رہے۔ زندگی بہت غیریقیتی ہے۔ میرا دل یہ مان نہیں رہا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ عابد علی کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا۔
خیال رہے کہ ٹیلی ویژن سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے صدارتی ایوارڈ یافتہ اداکار عابد علی 1952ء میں کوئٹہ میں پیدا ہوئے۔ ان کی عمر 67 برس تھی۔ انہوں نے سینکڑوں ٹیلی ویژن ڈراموں اور درجنوں فلموں میں کام کیا اور اپنی الگ پہچان بنائی۔
ان کی تین بیٹیاں ہیں۔ ان کی بڑی بیٹی نامور ماڈل اور اداکارہ ایمان علی ہیں۔