حوثی روزانہ سعودی عرب پر حملے کر رہے ہیں ،امریکی وزیر دفاع
حوثی روزانہ سعودی عرب پر حملے کر رہے ہیں ،امریکی وزیر دفاع
جمعہ 6 ستمبر 2019 20:00
سعودی عرب کو حو ثیوں کے حملوں کے خلاف اپنے دفاع کا پورا حق ہے۔
امریکی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ حوثی یمن میں گھناونی حرکتیں کررہے ہیں ۔ ایران ہی انہیں شہ دے رہا ہے اور رہنمائی کر رہا ہے۔
روسی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعہ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ سعودی عرب کو حو ثیوں کے حملوں کے خلاف اپنے دفاع کا پورا حق ہے۔ حوثی تقریبا روزانہ کی بنیاد پر مملکت کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
و اضح رہے کہ سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے حملے بڑھ گئے ہیں۔جمعہ کی صبح بھی ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی جانب سے یمن کی کمشنری صعدہ سے سعودی عرب کی جانب بیلٹسک میزائل سے حملہ کیا گیا جسے اتحادی افواج نے بروقت ناکام بنا دیا ۔
ترکی المالکی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ حوثی باغی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ ان کی جانب سے شہری آبادی کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔
یاد رہے بدھ کی رات اور جمعرات کو بھی حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنائے گئے تھے۔
اسکائی نیوز کے مطابق امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ ایسے شواہد ملے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران امریکی پابندیوں کے تناظر میں اپنے ایٹمی پروگرام پر دوبارہ مذاکرات کی طرف مائل ہو رہا ہے ۔
امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھاکہ ایرا ن صدر ٹرمپ کے بیان کے بعد مذاکرات کرنے کی طرف بڑھ رہا ہے۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے بیان دیا تھا کہ ایرانی عہدیداروں کے ساتھ مذاکرات کا دروازہ کھلا ہو ا ہے ۔