خانہ کعبہ کی دیواروں میں پڑ جانے والی ریخیں بھر دی گئیں۔ (تصویر واس)
مسجد الحرام کی اعلیٰ انتظامیہ نے خانہ کعبہ کی دیواروں کی اصلاح و مرمت کا کام مکمل کرالیا۔ انتظامیہ شاہی ہدایت کے مطابق اصلاح ومرمت کا نظام مقرر کئے ہوئے ہے۔ اسی کے مطابق تمام کام انجام دیئے گئے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق خانہ کعبہ کی دیواروں میں پڑ جانے والی ریخیں بھر دی گئیں۔
بعض حصوںکے پتھر متاثر ہوگئے تھے انہیں ٹھیک کردیا گیا۔کہیں کہیں شگاف بھی پڑ گئے تھے انہیں بھی اعلیٰ معیار کے مطابق درست کردیا گیا۔
مسجد الحرام کی انتظامیہ کے مطابق اس موقع پر غلاف کعبہ کو باندھنے والے کندوں پر سونے کا پانی چڑھایا گیا۔ حج موسم کے دوران غلاف کعبہ اوپر کردیا گیا تھا ، حج موسم ختم ہوتے ہی اسے نیچے تک اتار دیا گیا۔
یاد رہے کہ مسجد الحرام کی انتظامیہ مسجد نبوی اور مسجد الحرام کی اصلاح و مرمت کے کام عالمی معیار کے مطابق جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے کراتی ہے۔
دریں اثناءمسجد الحرام کی انتظامیہ نے حج موسم ختم ہوتے ہی مطاف میں نمازیوں کیلئے 1200سے زیادہ قالین دوبارہ بچھوا دیئے۔
عاجل کے مطابق انتظامیہ کے ماتحت ادارہ فرش کے انچارج نایف بن ذیاب الجحدلی نے بتایا کہ انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کی ہدایت پر مطاف اور مسجد الحرام کے دالانوں میں 1200قالین بچھائے گئے ہیں۔
خارجی صحنوں اور چھت پر ملا کر قالینوں کی مجموعی تعداد 16ہزار تک پہنچ گئی ۔ حج کے موسم میں خانہ کعبہ کے اطراف قالین اٹھادیئے جاتے ہیں تاکہ زائرین کو مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔