Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظہبی میں ٹرک کے ذریعے انسانی سمگلنگ کی کوشش

ٹرک کے خفیہ خانوں میں 18 غیر قانونی تارکین کو چھپا کر لایا جارہا تھا۔ فوٹو الامارات الیوم
ابوظہبی پولیس نے غیر قانونی تارکین کی متحدہ عرب امارات میں داخلے کی کوشش ناکام بنادی ہے۔
اخبار الامارات الیوم کے مطابق  ابوظہبی پولیس نے کہا ہے کہ ایک گروہ 18غیر ملکیوں کو ٹرک کے خفیہ خانوں میں چھپا کر امارات لا رہا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ اسے خفیہ اطلاع ملی تھی کہ العین کی سرحدی چوکی سے ایک ٹرک کے ذریعے انسانی سمگلنگ کی جائے گی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے ٹرک کو روکنے کے لیے ناکہ بندی کی۔

خفیہ اطلاع پر پولیس نے انسانی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی۔ ( فوٹو: الامارات الیوم)

 پولیس کا کہنا ہے کہ غیر ملکی درانداز گروہ نے انتہائی مہارت سے ایک بڑے ٹرک میں خفیہ خانے بنا رکھے تھے جہاں 18 افراد کو چھپا کر لایا جا رہا تھا۔
پولیس نے خفیہ اطلاع دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ امن و امان قائم رکھنا اور معاشرے کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنا اس کا اولین فرض ہے۔

ٹرک کے خفیہ خانوں میں انسانوں کو چھپا کر لانا جان لیوا ہوسکتا تھا۔ ( فوٹو: الامارات الیوم)

پولیس کا کہنا ہے انسانی سمگلنگ سمیت اس طرح کی ہر غیر قانونی کوشش ناکام بنا دی جائے گی۔ پولیس نے توجہ دلائی کہ ٹرک کے خفیہ خانوں کے ذریعے انسانوں کو سمگلنگ  کرنا جہاں غیر قانونی عمل ہے وہاں یہ جان لیوا بھی ہوسکتا ہے۔
حکام کے مطابق انسانی سمگلروں کو اس بات کی پروا نہیں کہ جن لوگوں کو انتہائی غیر انسانی طریقے سے چھپا کر لانے کی کوشش کر رہے ہیں وہ سفر کے دوران دم  گھٹنے کی وجہ سے ہلاک بھی ہوسکتے ہیں۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: