Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سکول کینٹینز میں اشیاء کے یکساں نرخ مقرر

وزارت تعلیم کی جانب سے تمام اسکولوں کو سرکلر جاری کیا گیا ہے
سعودی وزارت تعلیم و تربیت نے سکول کینٹینز کے مالکان کو سختی سے ہدایت کی  ہے کہ طلباء کے لیے فراہم کی  جانے والی اشیاء خورونوش کے نرخ مساوی رکھے جائیں۔ کوئی بھی چیز چار ریال سے زیادہ میں فروخت نہ کی جائے اور غیر صحت بخش اشیاء سے اجتناب برتا جائے۔ ویب نیوز اخبار 24 کی اطلاع کے مطابق وزارت تعلیم کی جانب سے  مملکت کے تمام سکولوں کو جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ کینٹینز میں وہ اشیاء ہی رکھی جائیں جن کی اجازت ہے۔ غیر ضروری چیزوں اور مضر صحت اشیا کینٹین میں نہ رکھی جائیں ۔ 

    اسنیکس اور سافٹ ڈرنکس  اسکولوں  میں قطعی طور پر نہ رکھی جائیں

ممنوعہ اشیائے خورونوش جن میں سربند تھیلوں کے سنیکس اور سافٹ ڈرنکس شامل ہیں اسکولوں  میں قطعی طور پر نہ رکھی جائیں۔ جاری سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ کینٹین میں  انڈے کا سینڈویچ ، پراٹھا چھوٹا ، پنیر والے سینڈویچ ، کی قیمت ایک ریال  مقرر کی گئی ہے۔ تلی ہوئی چیزیں جن میں سموسے ، پکوڑے اور دیگر مصنوعات شامل ہیں کے نرخ 2 سے 3 ریال جبکہ سبزی کا پیزادرمیانے سائز  اور پنیر کے پیزے کے لئے 4 ریال مقرر کئے گئے ہیں ۔ وزارت تعلیم کی جانب سے اس امر پر زوردیا گیا ہے کہ اسکولوں کی تمام کینٹینز میں یکساں قیمتیں رکھی جائیں ان میں اختلاف نہ ہو۔یہ نہ ہو کہ کسی اسکول کی کینٹین میں سینڈویچ 3  یا 4 ریال میں فروخت کیاجائے اور کسی میں 2 ریال یہ عمل مناسب نہیں اس کی خلاف ورزی کرنیوالے قانون شکنی کے مرتکب ہو نگے ۔

 انڈے کا سینڈویچ، پراٹھا چھوٹا، پنیر والے سینڈویچ، کی قیمت ایک ریال

واضح رہے سعودی وزارت تعلیم کی جانب سے مملکت کے تمام اسکولوں کی کینٹینز  کے مالکان کو اس امرکا پابند کیا گیا ہے کہ طلباء میں سافٹ ڈرنکس اور ایسی اشیاء جو طلباء کے لئے مضر صحت ہوں قطعی طور پر فروخت نہ کئے جائیں ۔اس ضمن میں گزشتہ برس سے تمام اسکولوں کو سرکلر بھی جاری کیا گیا تھا جن میں ان اشیاء کی فہرست بھی اسکول انتظامیہ کو مہیا کی گئی تھی جو کینٹین میں فروخت کی جاسکتی ہیں ۔ 
اسکولوں کو جاری ہدایات نامے میں مزید کہا گیا تھا کہ طلباء کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے وزارت صحت کی جانب سے فوڈ اتھارٹی کے تعاون اور اشتراک سے طلباء کی جسمانی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے   اسکولوں کی کینٹین کیلئے چارٹ جاری کیا گیا ہے جس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے کمیٹی مقرر کی گئی ہے جو اسکولوں میں فراہم کی جانے والی اشیائے خورونوش کی نگرانی کرتی ہے خلاف ورزی کے مرتکب کینٹین مالکان پر جرمانے بھی عائد کئے جاتے ہیں ۔ 

 فیصلے پر عمل درآمد کے لیے وزارت تعلیم کی جانب سے تفتیشی کمیٹیاں بھی تشکیل دی جاتی ہیں۔

دوسری جانب نجی اسکولز کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ وزارت تعلیم کی جانب سے جاری کردہ سرکلر پر عمل کو یقینی بنانے کیلئے کینٹین کنٹریکٹرز کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ مساوی نرخ نامے کینٹین میں واضح مقام پر آویزاں کریں تاکہ وزارت کے قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے اور طلبا کو بھی کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
 

شیئر: