نیشنل ڈے پر خواتین ملٹری شو میں شاہی ترانہ ،فوجی مارچ، ہتھیاروں اور فوجی آپریشن شو پیش کریں گی
سعودی عرب 23ستمبر 2019ء کو اپنا 89واں نیشنل ڈے منا رہا ہے۔اس موقع پر تاریخ میں پہلی بار ویمنز ملٹری شو ٹیم پرفارمنس کرے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق شو میں خواتین و حضرات دونوں شامل ہوں گے۔ ویمنز ملٹری شو ٹیم سکولوں اور قومی سرکاری تقریبات میں پرفارمنس کرے گی جبکہ مردانہ ملٹری شو ٹیم سرکاری قومی تقریبات پر سٹیج شو کرے گی۔اس میں خواتین و حضرات اور فیملی کے تمام ممبر شرکت کرسکیں گے۔
سعودی عرب میں ایک گروپ قائم ہوا ہے جسے’’ مودہ گروپ‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ رضاکاروں کا گر وپ ہے۔ رضاکاروں کے اس گروپ نے ویمنز ملٹری شو ٹیم بنائی ہے۔ یہ سعودی عرب میں اپنی نوعیت کا پہلا ویمن گروپ ہے جو منفرد پروگرام پیش کرنے کی تیاریاں کرچکی ہے۔
ملٹری شو میں شاہی ترانہ، فوجی مارچ، ہتھیاروں کا شو، فوجی آپریشن اور قومی ترانے شامل ہوں گے۔
ٹیم کی میڈیا انچارج مودہ احمد المحمدی نے بتایا کہ آرمی شو کے مناظر بڑے دلکش اور بہت زیادہ دل آویز ہوں گے۔ خواتین حضرات دونوں کو پسند آئیں گے۔
المحمدی کا کہناہے کہ اب تک آرمی شو مردوں تک ہی محدود ہوا کرتے تھے۔ پہلی بار طے کیا گیا کہ خواتین بھی سرکاری قومی تقریبات میں حصہ لیں گی اور سرحدوں کے محافظ فوجی جوانوں کی روشن تصویر اجاگر کریں گی۔
المحمدی نے کہا کہ ہمارے فوجی سرحدوں پر تن ،من ،دھن کی قربانیاں دے رہے ہیں اور ملک و قوم کے لیے جس ایثار و جذبے سے کام لے رہے ہیں اس کا کچھ نہ کچھ تعارف خواتین کے سامنے بھی لایا جانا ضروری ہے۔ خواتین کو بھی ان کی اس مہم میں شریک کیا جانا چاہیے۔
المحمدی نے مزید کہا کہ ویمنز ملٹری شو ٹیم فوجیوں کی شان اور ان کی عظمت کو نمایاں کرے گی۔ ہمیں تسلیم ہے کہ خواتین و حضرات کے درمیان جسمانی فرق پایا جاتا ہے تاہم ہمارا جذبہ ہے کہ مردوں کی فوجی طاقت کو سلام تعظیم پیش کیا جائے، خواتین کو ان کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے اور زیادہ سے زیادہ خواتین کو فوجیوں کی اہمیت کا قائل کیا جائے۔
المحمدی نے اپنا بیان پاسداران وطن کے نام پیغام پر ختم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم دختران وطن بیش بہا قربانیوں پر آپ کے ممنون ہیں۔ اگر اللہ کا فـضل و کرم اور پھر آپ لوگوں کی جانفشانیاں شامل حال نہ ہوں تو ہم محفوظ نہ رہیں۔ آپ کی قربانیوں کے سامنے ہماری کاوشیں ہیچ ہیں‘‘۔ آخر میں اپنے ہر دلعزیز رہنما شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محترم شہزادہ محمد بن سلمان کو سلام تعظیم اور خراج شکر پیش کیا۔