یوم الوطنی کی تھیم ”چوٹی تک پہنچنے کیلئے ہمت کریں“ رکھی گئی ہے
سعودی عرب کے قومی دن کے موقعے پر 13 ریجنز میں ہونے والی تقریبات مفت ہوں گی۔ مختلف عمر کے لوگوں کا خیال رکھتے ہوئے سرگرمیاں ترتیب دی گئی ہیں جن میں تنوع پیدا کیا گیا ہے۔
سعودی نیوز ایجنسی کے مطابق جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ عمرو باناجہ نے کہا ہے کہ اس سال تمام سرگرمیوں کا تھیم ایک ہی رکھا گیا ہے۔
عمرو باناجہ نے کہا ہے کہ اس سال یوم الوطنی کی تھیم ’’چوٹی تک پہنچنے کے لیے ہمت کریں‘‘ رکھی گئی ہے۔ یہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے تاریخی خطاب سے ماخوذ ہے جس میں انہوں نے نوجوانوں کو چوٹی تک پہنچنے کے لیے ہمت کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
انہوں نے کہا ہے کہ یوم الوطنی کی تقریبات میں نجی شعبوں کے ساتھ سرکاری ادارے بھی حصہ لے رہے ہیں۔ محلے کی سطح پر بھی مختلف سرگرمیاں ہوں گی۔
اتھارٹی قومی دن کی تقریبات کے حوالے سے کسی بھی شخص کی طرف سے مشورہ قبول کرے گی۔ اہل محلہ اگر اپنے طور پر کوئی جشن منانا چاہیں تو اتھارٹی انہیں بھی سپورٹ کرے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے طول و عرض میں مقامی و عرب فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ ان تمام تقریبات میں شرکت کے لیے کوئی ٹکٹ نہیں ہوگا۔
انہوں نے بتایا ہے کہ سعودی فضائیہ بھی ریاض، جدہ اور الخبر میں قومی دن کے موقع پر فضائی کرتب دکھانے کا اہتمام کرے گی۔ اس سال اپنی نوعیت کا نیا اور انوکھا جشن ہوگا۔