Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد اور راولپنڈی میں ڈینگی کے وار تیز

پنجاب کے علاوہ کراچی میں بھی ڈینگی کے درجنوں کیسز رپورٹ ہوئے ہیں: فوٹو اے ایف پی
پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت صوبہ پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ صرف راولپنڈی اور اسلام آباد میں اس وقت 720 افراد ڈینگی وارڈز میں زیر علاج ہیں جبکہ چار افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔  
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تین بڑے ہسپتالوں میں ڈینگی کے تقریباً آٹھ ہزار مریض لائے گئے جن میں سے 115 کو داخل کیا گیا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پمز میں ساڑھے چار ہزار سے زائد مریض لائے گئے جن میں سے دو ہزار تین سو میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی۔ اس وقت بھی 55 مریض ڈینگی وارڈ میں داخل ہیں جہاں ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔
فیڈرل جنرل ہسپتال میں تین ہزار ڈینگی کے مریض لائے گئے جن میں سے 17 زیر علاج ہیں۔
پولی کلینک میں لائے گئے مریضوں کی تعداد 309 ہے جن میں سے 43 کو داخل کرلیا گیا ہے تاہم اسلام آباد میں ڈینگی کے کسی بھی مریض کی ہلاکت کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں کی گئی۔

ڈینگی کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر ہسپتالوں میں ڈینگی کمیٹیاں اور ڈینگی وارڈز بنا دیے گئے ہیں۔ فوٹو:اے ایف پی

ڈینگی کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر ہسپتالوں میں ڈینگی کمیٹیاں اور ڈینگی وارڈز بنا دیے گئے ہیں۔ کمیٹیاں مریضوں کے علاج کے لیے بستر، ادویات کی فراہمی اور عملے کی دستیابی کو یقینی بنا رہی ہیں۔
پولی کلینک ہسپتال کے ترجمان ڈاکٹر شریف استوری نے ’اردو نیوز‘ کو بتایا ’ڈینگی سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ، اس کا گھر پر بھی علاج کیا جاسکتا ہے لیکن میڈیا نے اس حوالے سے سنسنی پھیلا دی ہے اس لیے لوگ ڈر کر ہسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں۔‘
اسلام آباد انتظامیہ نے شہر سے کوڑے کے ڈھیر اٹھانے کا کام بھی شروع کر دیا ہے اور شہریوں سے بھی تعاون کی اپیل کی ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی میں بھی ڈینگی کے مریضوں کی تعداد تین ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ اب تک 19 ہزار سے زائد افراد کی سکریننگ کی گئی ہے جن میں سے تین ہزار سے زائد افراد میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی ہے۔

اسلام آباد میں ڈینگی کے کسی بھی مریض کی ہلاکت کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں کی گئی۔ فوٹو:اے ایف پی

راولپنڈی کے تینوں سرکاری ہسپتالوں میں چھ سو سے زائد مریض داخل ہیں جن میں سے 371 مریض گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران داخل کیے گئے ہیں جبکہ 195 مریضوں کے خون کے  نمونوں کے رزلٹ کا انتظار ہے۔ صورتحال کی سنگینی کو سامنے رکھتے ہوئے ڈینگی وارڈز میں توسیع کی جا رہی ہے۔
راولپنڈی کے ہسپتالوں میں ہلاک ہونے والے چار افراد میں سے ایک کا تعلق اسلام آباد سے ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنایا جا رہا ہے اور شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے مہم بھی شروع کی ہے۔ صوبائی حکومت کے اعلی عہدیداران نے بھی مقامی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
اس کے علاوہ اٹک، چکوال، جہلم اور دیگر شہروں سے بھی ڈینگی کے  درجنوں کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

شیئر: