بالی وڈ ستاروں نے کرینہ کپور کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، فوٹو:انسٹاگرام
بالی وڈ کی چنچل اور نٹ کھٹ اداکارہ کرینہ کپور جنہیں انڈسٹری میں 'بیبو' کے نام سے جانا جاتا ہے، آج 39 برس کی ہو گئی ہیں۔
کرینہ کپور جو بہت خیال رکھنے والی ماں، محبت کرنے والی بیوی اور باصلاحیت اداکارہ ہیں, آج کل اپنے نئے پراجیکٹس کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ ایک ڈانس رئیلٹی شو کی جج کی ذمہ داری نبھانے اور آؤٹ ڈور شوٹنگ کی بے پناہ مصروفیت کے باوجود بیبو نے پٹوڈی محل میں اپنے پیاروں کے ساتھ اپنی سالگرہ کا جشن منایا۔
اگرچہ کرینہ کپور سوشل میڈیا پر اتنی متحرک نہیں ہیں لیکن ان کی بڑی بہن کرشمہ کپور نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اس خاص دن کو خاندان میں بھرپور طریقے سے منایا گیا ہے۔
سفید شرٹ میں ملبوس اور سنہرے رنگ کے جھمکوں کے ساتھ سلیقے سے تیار ہوئی برتھ ڈے گرل اپنے سوشل میڈیا پر مداحوں کے دل جیت رہی ہیں۔
کرشمہ کپور نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں بالی وڈ کی ’ہیروئن‘ اپنی ملین ڈالر مسکراہٹ کے ساتھ سالگرہ کا کیک کاٹ رہی ہیں۔
اس کے علاوہ کرشمہ کپور نے بیبو کی اپنے بیٹے تیمور کے ساتھ بھی تصویر شیئر کی جسے خاصا پسند کیا جا رہا ہے۔
کرشمہ کی تصاویر اور ویڈیو شیئر کرنے کی دیر تھی کہ مداحوں نے اپنے تبصرے شروع کردیے۔ ’جب وی میٹ‘ کی چلبلی اداکارہ کے فینز کے ساتھ ساتھ کئی بالی وڈ ستاروں نے بھی ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
منیش ملہوترا نے لکھا کہ ’پیاری بیبو سالگرہ مبارک!‘
دلجیت دوسانجھ جو کرینہ کپور کی آنے والی فلم ’گڈ نیوز‘ میں ان کے ساتھ نظر آئیں گے، نے لکھا کہ’خوبصورت، سالگرہ مبارک کوئین!‘
بیبو کے آئندہ پراجیکٹس کے حوالے سے بات کی جائے تو آپ کو بتاتے چلیں کہ انہوں نے فلم ’انگریزی میڈیم‘ کی شوٹنگ مکمل کرلی ہے، فلم میں وہ منجھے ہوئے اداکار عرفان خان کے ساتھ نظر آئیں گی۔ یہ فلم 2017 میں بننے والی ہٹ فلم ’ہندی میڈیم‘ کا سیکوئل ہے۔
اس کے علاوہ کرینہ کپور ’گڈ نیوز‘ میں ایکشن کنگ اکشے کمارکے ساتھ مرکزی کردار نبھائیں گی جبکہ کرن جوہر کی فلم ’تخت‘ میں رنویر سنگھ، انیل کپور، جھانوی کپور اور عالیہ بھٹ کے ساتھ اپنی اداکاری کا جادو دکھائیں گی۔