Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکا کے خلاف 16 رکنی ٹیم کا اعلان

چیف سلیکٹر مصباح الحق نے لاہور میں سکواڈ کا اعلان کیا، تصویر: اے ایف پی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے سری لنکا کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز کے لیے 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔
سرفراز احمد ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے۔ میڈیم فاسٹ بولر حسن علی کمر کی تکلیف کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے جبکہ 20 ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل احمد شہزاد اور عمر اکمل ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے۔
سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے اعلان کردہ 16 رکنی سکواڈ میں تین اوپننگ بلے بازوں کو شامل کیا گیا ہے۔ فخر زمان ، امام الحق اور عابد علی اوپننگ بلے باز کے طور پر ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔

سرفراز احمد ایک روزہ سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے، تصویر: اے ایف پی

 16 رکنی سکواڈ میں نائب کپتان بابر اعظم، حارث سہیل اور آصف علی مڈل آرڈر بیٹسمین کے طور پر ٹیم کا حصہ ہوں گے جبکہ کپتان سرفراز احمد کے ساتھ محمد رضوان کی صورت میں دو وکٹ کیپر بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ تاہم ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ محمد رضوان کو مڈل آرڈر بیٹسمین کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
آل راؤنڈرز میں شاداب خان، افتخار احمد، عماد وسیم اور محمد نواز اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ فاسٹ بولرز میں محمد عامر ، وہاب ریاض ، محمد حسنین اور عثمان شنواری ایک روزہ سکواڈ کا حصہ ہوں گے ۔

حسن علی کو کمر میں تکلیف کے باعث سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا، تصویر: اے ایف پی

 سری لنکا کے خلاف تین ایک روزہ میچز کی سیریز کا آغاز 27 ستمبر سے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں ہو گا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم 24 ستمبر کو کراچی روانہ ہو گی ۔
سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے سکواڈ کا اعلان ایک روزہ سیریز کے دوران ہی کیا جائے گا ۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 5 اکتوبر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 16 ستمبر کو سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے ممکنہ 20 کھلاڑیوں کا اعلان کیا تھا جن میں سے احمد شہزاد ، عمر اکمل ، فہیم اشرف اور حسن علی ایک روزہ سکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

عمر اکمل اور احمد شہزاد کو ون ڈے سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا، تصویر: اے ایف پی

میڈیم فاسٹ بولر حسن علی کمر میں تکلیف کے باعث ٹیم میں شامل نہیں کیے گئے۔ حسن علی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ری ہیب پروگرام کا آغاز کریں گے۔
ممکنہ سکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑی این سی اے میں ٹریننگ جاری رکھیں گے۔
احمد شہزاد اور عمر اکمل کے حوالے سے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑی باصلاحیت ہیں۔ احمد شہزاد ٹی ٹوئنٹی میں اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں جبکہ عمر اکمل تینوں فارمیٹس کے بہترین کھلاڑی ثابت ہو سکتے ہیں، ان کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ٹائم فریم اور پلان دیا گیا ہے۔ 

شیئر: