Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج وعمرہ ویزے کی فیس 300 ریال

سنگل انٹری ویزے پر آنے والا سعودی عرب میں ایک ماہ تک قیام کرسکے گا(فوٹو: سبق)
سرکاری گزٹ ’’ام القریٰ‘‘ نے اتوار کے شمارے میں حج، عمرہ، وزٹ اور ٹرانزٹ ویزوں کی 300 ریال فیس مقرر کرنے کی تصدیق کی ہے۔
دنیا بھر میں دو ہفتوں سے حج، عمرہ، وزٹ اور ٹرانزٹ ویزوں کی فیسوں میں ترمیم کی اطلاعات گردش کررہی تھیں۔ 
سرکاری حوالے سے اس کی تصدیق یا تردید نہ ہونے کے باعث سعودی عرب کا سرکاری میڈیا خاموشی سادھے ہوئے تھا۔ اب ام القریٰ سرکاری گزٹ نے وزٹ، حج اور عمرہ ویزوں کی تنظیم نو کی تفصیلات جاری کردیں ہیں۔  

سرکاری ذرائع نے حج وعمرہ ویزوں کی 300 ریال فیس مقرر کرنے کی تصدیق کی ہے(فوٹو: سبق)

تفصیلات کے مطابق سنگل انٹری وزٹ ویزے پر وہ عمرے، سیاحت یا کاروبار یا رشتہ داروں یا دوستوں سے ملاقات یا کسی اور عنوان سے لیا گیا ہو 300 ریال فیس لی جائے گی۔ اس ویزے پر آنے والا سعودی عرب میں ایک ماہ تک قیام کرسکے گا۔ 
ویزہ جاری ہونے کے اندر 3 ماہ تک اسے استعمال کیا جاسکے گا۔ یہی ویزہ ملٹی پل لینے کی صورت میں ایک سال تک استعمال کیا جاسکے گا۔ قیام کی مدت 3ماہ ہوگی اور فیس 300 ریال ہی رہے گی۔
حج ویزے پر فیس 300 ریال مقرر کی گئی ہے۔ اس ویزے پر حج موسم میں قیام کی اجازت ہوگی۔ حج موسم ہی میں اس پر سفر کیا جاسکے گا۔
فضائی یا سمندری یا بری راستے سے ٹرانزٹ ویزے کی فیس بھی 300 ریال ہے۔ اس پر 96 گھنٹے تک قیام کیا جاسکے گا۔ اسے استعمال کرنے کی مدت 96 گھنٹے ہی رکھی گئی ہے۔

حج ویزے پر فیس 300 ریال مقرر کی گئی ہے، اس پر حج موسم میں قیام کی اجازت ہوگی(فوٹو: سبق)

سرکاری گزٹ میں بتایا گیا ہے کہ ویزوں سے متعلق نئی ہدایات سے سعودی عرب کے بین الاقوامی معاہدوں کی دفعات پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ اگر سعودی عرب کے ساتھ کسی بین الاقوامی معاہدے کی کوئی دفعہ نئی فیسوں، ویزوں کے استعمال کی مدت اور قیام کے دورانیہ سے  ٹکرا رہی ہو تو ایسی صورت میں معاہدہ کے مطابق ہی عمل ہوگا۔
تجارتی ویزہ سرمایہ کاروں، کمپنیوں و اداروں کے مالکان، مجالس انتظامیہ کے سربراہوں، ارکان، نمائندوں، کمپنیوں اور اداروں کے ڈائریکٹر جنرلز کو جاری ہوگا۔ اس میں خواتین اور مردوں کے درمیان کوئی فرق نہیں کیا جائے گا۔
سیاحت کے لیے وزٹ ویزہ ایسے افراد کو جاری ہوگا جو سعودی عرب میں منعقد ہونے والے کسی جشن یا میلے یا پروگرام میں شرکت کے لیے آنا چاہتے ہوں۔
سعودی وژن 2030 کے مطابق 2030ء تک 30 ملین افراد کو عمرہ ویزے جاری کرنے کا ٹارگٹ ہے۔ اسی تناظر میں فیسوں میں ترامیم کی گئی ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: