Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ حرمین ریلوے سٹیشن میں آگ پر قابو پا لیا گیا

جدہ حرمین ریلوے اسٹیشن پر لگنے والی آگ پر 17 گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا ۔
 شہری دفاع کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جدہ کے سلیمانیہ ریلوے اسٹیشن میں آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا۔ آتشزدگی میں گیارہ افراد زخمی ہوئے جن میں آٹھ زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ باقی کو ابتدائی طبی امداد دے کر فارغ کردیا گیا۔
 سبق ویب نیوزکے مطابق آگ بجھانے کی کارروائی میں فضائی سروس کے ساتھ شہری دفاع کے26 یونٹس نے حصہ لیا ۔
شہری دفاع کے مطابق متاثرہ مقام کو مکمل طو رپرٹھنڈا کرنے کا عمل جاری ہے جس کے بعد آگ لگنے کی وجہ معلوم کی جائے گی۔ تحقیقات جاری ہے ۔
عکاظ اخبار کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ر یلوے اسٹیشن میں شہری دفاع کا یونٹ قائم ہے تاہم یہ مرکز ابھی تک مکمل طور پر فعال نہیں ہوا ۔ تحقیقاتی ٹیمیں اس نکتے کا بھی جائزہ لے رہی ہیں کہ اسٹیشن میں آگ بجھانے کے آلات فعال کیوں نہیں تھے۔
دوسری طرف  مکہ گورنریٹ نے ٹویٹر پر کہا ہے کہ سٹیشن کی چھت میں آگ لگی ۔ محکمہ شہری دفاع کی زمینی و فضائی  ٹیموں نے  آگ  بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔
حرمین ریلوے سٹیشن میں آگ پر قابو پانے کی کارروائی جدہ کے کمشنر شہزادہ مشعل بن ماجد کی نگرانی میںکی گئی  جو وہاں اپنی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔
 حرمین ریلوے انتظامیہ نے مکہ مکرمہ اور مدینہ کے درمیان تمام ٹرینیں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انتظامیہ نے ٹویٹر پر اپنے اکاؤنٹ میں کہا ہے کہ ’تاحکم ثانی حرمین ریلوے کی تمام ٹرینیں معطل کی جارہی ہیں۔ مسافر حضرات فری ٹول نمبر پر نئے جدول کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔‘

آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ فوٹو: اردو نیوز

 قبل ازیں محکمہ ٹریفک نے ٹویٹر پر کہا  کہ عوام کی سلامتی اور امدادی ٹیموں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے ریلوے سٹیشن کے علاقہ میں آنے والی ہائی وے بند کردی ہے اور لوگ متبادل راستے اختیار کریں۔
ادھر سیکیورٹی اداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آتشزدگی کے علاقہ سے دور رہیں۔ سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ ریلوے اسٹیشن کے قریب تماشائیوں کے جمع ہونے سے ایک طرف امدادی ٹیموں کے کام میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے تو دوسری طرف دھواں سونگھنے سے لوگ متاثر ہوسکتے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق العریبیہ ٹی وی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ٹرین سٹیشن سے کالے دھوئیں کے بادل نظر آ رہے ہیں اور اس کے گرد ہیلی کاپٹرز منڈلا رہے ہیں۔
العریبیہ ٹی وی کے مطابق یہ آگ مقامی وقت کے مطابق 12:35 پر لگی۔
شاہ سلمان نے سعودی عرب کے مقدس شہروں مکہ اور مدینہ کے درمیان تیز ترین مسافر ٹرین سروس کا افتتاح گذشتہ برس کیا تھا۔ اس ٹرین کی رفتار 300 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
حرمین ریلوے کا ٹریک 450 کلومیٹر طویل ہے اور اس کو تعمیر کرنے پر 6.7 ارب یورو لاگت آئی تھی۔ یہ ریلوے لائن مقدس شہروں مکہ اور مدینہ کو آپس میں ملاتی ہے۔

سٹیشن میں آگ لگنے کے بعد دھواں اُٹھ رہا ہے۔

مکے کا ریلوے سٹیشن مسجد الحرام سے چار کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ حکام کے مطابق اس ریلوے سٹیشن میں ایک گھنٹے میں 20 ہزار مسافروں کو سفری سہولیات مہیا کی جاسکتی ہیں۔
یہ ریلوے لائن دو مراحل میں مکمل کی گئی تھی اور اس میں سعودی، فرانسیسی، چینی اور سپین کی کمپبنیوں نے حصہ لیا تھا۔ منصوبے کی تکمیل میں تقریباً چھ سال کا عرصہ لگا تھا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: