Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملیحہ لودھی مندوب کے عہدے سے فارغ

منیر اکرم اس سے قبل بھی اقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب رہ چکے ہیں۔ فوٹو: ٹویٹر
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے وزرات خارجہ میں تقرریوں و تبادلوں کی منظوری دی ہے جس کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقبل مندوب ملیحہ لودھی کی جگہ سینئر سفارتکار منیر اکرم کو پاکستان کا مستقبل مندوب تعینات کر دیا گیا ہے۔
منیر اکرم سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں بھی اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب رہ چکے ہیں۔ بطور مستقل مندوب ان کا دورانیہ 2002 سے 2008 تک تھا۔
2008 میں پیپلز پارٹی کے حکومت میں آنے کے بعد بینظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات اقوام متحدہ سے کروانے کے معاملے پر منیر اکرم کے پیپلز پارٹی کی قیادت سے اختلافات ہو گئے تھے جس کے بعد ان کو عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔
دفتر خارجہ کے ایک اعلامیے کے مطابق وزارت خارجہ میں ایڈیشنل سیکرٹری محمد اعجاز کو ہنگری میں پاکستان کا سفیر تعینات کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق شمالی کوریا میں پاکستانی سفارت خانے کے ناظم الامور سید سجاد حیدر کو کویت میں پاکستان کا سفیر تعینات کر دیا گیا جبکہ خلیل احمد ہاشمی ڈائریکٹر جنرل یو این وزارت خارجہ کو اقوام متحدہ جنیوا میں پاکستان کا مستقل مندوب تعینات کر دیا گیا۔
ٹورنٹو میں پاکستانی قونصل جنرل عمران احمد صدیقی کو ڈھاکہ، بنگلہ دیش میں پاکستان کا ہائی کمشنر تعینات کیا گیا ہے۔

ملیحہ لودھی نے وزیراعظم کے حالیہ دورہ امریکہ کو کامیاب قرار دیا تھا۔ فوٹو: ٹوئٹر

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق نائجر میں پاکستانی سفارتخانے کے ناظم الامور احسن کے کے وگن کو اومان میں پاکستانی سفیر تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ میجر جنرل ریٹائرڈ محمد سعد خٹک کو سری لنکا میں پاکستان کا ہائی کمشنر تعینات کیا گیا ہے۔
عبد الحمید ٹورنٹو جبکہ ابرار ہاشمی کو ہوسٹن امریکہ میں قونصل جنرل تعینات کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق وزیراعظم پاکستان نے ان تقرر و تبادلوں کی باقاعدہ منظوری دے دی ہیں۔ 

ملیحہ لودھی کا ردعمل

عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد ملیحہ لودھی نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ دنیا کے سب سے اہم فورم پر چار سال سے زائد عرصے کے لیے اپنے ملک کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے۔
’وزیراعظم کے کامیاب دورہ امریکہ کے بعد میں نے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا تھا۔‘
انہوں نے  اقوام متحدہ میں پاکستان کے نئے مستقل مندوب منیر اکرم کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملیحہ لودھی کون ہیں؟

ملیحہ لودھی اگرچہ کیریئر ڈپلومیٹ نہیں تاہم انہیں ایک کہنہ مشق سفارت کار کے طور پر جانا جاتا ہے۔

دورہ امریکہ کے موقعے پر ملیحہ لودھی نے وزیراعظم کے ہمراہ پریس کانفرنس بھی کی۔ فوٹو: ٹویٹر

ملیحہ لودھی لندن سکول آف اکنامکس سے فارغ التحصیل ہیں۔ 1980 میں لندن سکول آف اکنامکس سے ڈاکٹریٹ کرنے کے بعد وہاں پڑھاتی رہی ہیں۔
وہPakistan's Encounter with Democracy نامی کتاب کی مصنفہ بھی ہیں۔
1984 میں انہوں نے دا مسلم نامی اخبار سے اپنے صحافتی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
1994 سے 1997 تک تین سال اور پھر 1999 سے 2002 تک دوبارہ تین سال امریکہ میں پاکستان کی سفیر رہ چکی ہیں۔ 
2003 سے 2008 تک پانچ سال برطانیہ میں پاکستان کی سفیر رہیں۔ 2015 میں ان کا تقرر اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب کے طور پر ہوا تھا۔

شیئر: