کیا بریگزٹ ڈیل نہ ہونے پر برطانیہ میں ٹوائلٹ پیپرز ختم ہوجائیں گے؟ فوٹو: اے ایف پی
برطانیہ 31 اکتوبر سے یورپی یونین سے علیحدہ ہو رہا ہے، لیکن برطانوی اراکین پارلیمنٹ کو یہ فکر کھائے جا رہی ہے کہ بریگزٹ ڈیل نہ ہونے کی صورت میں ٹوائلٹ پیپرز کی سپلائی تو متاثر نہیں ہوگی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایم پی جوناتھن ایڈورڈز نے حکومتی وزرا سے پوچھا کہ ڈیل نہ ہونے پر درآمد شدہ ٹوائلٹ پیپرز کا کتنا سٹاک کتنے دن نکالے گا۔
کیبنٹ آفس منسٹر سائمن ہرٹ نے جواب میں کہا کہ گورنمنٹ 31 اکتوبر کو یورپی یونین سے نکل جائے گی اور اگر ڈیل ممکن نہ ہوا تو ہم ڈیل کے بغیر ہی نکلیں گے۔
ایڈورڈز نے پریس ایسوسی ایشن نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ’یہ بیہودگی کی اس حد تک پہنچ چکے ہیں کہ برطانوی حکومت ٹھوس طریقے سے یہ بھی نہیں کہہ سکتی کہ اس کے پاس ٹوائلٹ پیپر کا کتنا سٹاک ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ تو پہلے ہی کہا جا چکا ہے کہ معیشت کو ٹوائلٹ میں بہایا جا رہا ہے، لیکن اب ہمارے پاس صاف کرنے کے لیے پیپر بھی نہیں ہے۔‘
’اگرچہ یہ ایک مزاحیہ بات لگتی ہے لیکن اس سے معلوم ہوتا ہے کہ بریگزٹ ڈیل نہ ہونے کی صورت میں ہمیں کیا نقصان ہوگا۔‘