اب شیشہ فراہم کرنے والے ہوٹلوں کولائسنس حاصل کرنا ہوگا۔ فائل فوٹو
سعودی وزارت بلدیات و دیہی امور نے کہا ہے کہ شیشہ فراہم کرنے والے ہوٹلوں، ریستورانوں اور کیفے ٹیریاز کو لائسنس حاصل کرنا ہوگا۔ اس کی تجدید سالانہ بنیاد پر ہوگی اور کیٹگریز کی بنیاد پر فیس کا تعین ہوگا۔
عکاظ اور المدینہ اخبارات کے مطابق وزارت بلدیات و دیہی امور نے کہا ہے کہ فائیو سٹار ہوٹلوں میں شیشہ فراہم کرنے کی فیس ایک لاکھ ریال سالانہ ہوگی۔
کیفے اور ریستورانوں میں شیشے کے لیے نئی قیمت متعارف کرائی جائے گی۔ نئے نظام کے تحت بننے والے بل پر سو فیصد ٹیکس لاگو ہوگا۔
وزارت نے کہا ہے کہ ریاض، مکہ ، مدینہ، جدہ ، دمام اور الخبر کے فائیو سٹار ہوٹل اپنے گاہکوں کو شیشہ فراہم کرسکتے ہیں اس کے لیے ضوابط کی پابندی ضروری ہے۔
وزارت نے کہا ہے کہ اس نے چھوٹے شہروں کے حوالے سے مختلف کیٹگریز رکھی ہیں جن کے لیے سالانہ فیس 10ہزار ریال مقرر کی گئی ہے۔
وزارت نے کہا ہے کہ فور سٹار ہوٹلوں کے کیفے اور ریستوران اگر شیشہ فراہم کریں تو ان کے لیے فیس 50 ہزار ریال ہوگی جبکہ عام درجے کے کیفے ٹیریاز کے لیے فیس پابچ ہزار ریال مقرر کی گئی ہے۔
وزارت کا کہناہے کہ عام کیفے ٹیریا جو ہوٹلوں کے احاطے سے باہر ہوں ان کے لیے بھی مختلف کیٹگریز متعارف کرائی گئی ہیں جن کی فیسیں پانچ ہزار ریال سے لیکر 30 ہزار ریال تک رکھی گئی ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں