ایٹمی توانائی کے پرامن استعمال سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کردیئے۔
روس اور متحدہ عرب امارات نے 1.4ارب ڈالر مالیت کے معاہدے کیے ہیں۔ دونوں ملکوں نے ایٹمی توانائی کے پرامن استعمال سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کردیئے۔
متحدہ عرب امارات کے خبررساں ادارے وام اور آر ٹی کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوٹین اور ولی عہد ابوظبی اور اماراتی افواج کے نائب سربراہ اعلیٰ شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے مذاکرات کئے۔
روسی صدر منگل کو ہی سعودی عرب سے متحدہ عرب امارات کے دورے پر ابوظبی پہنچے تھے۔
دونوں رہنماﺅں نے قصر الوطن میں مذاکرات کئے۔ روس اور امارات کے درمیان تمام شعبوں میں ہر سطح پر تعاون اور دوستی کے رشتوں کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
روسی صدر اور شیخ محمد بن زاید نے علاقائی و بین الاقوامی تبدیلیوں خصوصاً خلیج عرب اور مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر بات چیت کی۔ سیاسی، اقتصادی و امن و امان کے مسائل زیر بحث آئے۔
اس موقع پر شیخ محمد بن زاید نے کہا ’ امارات اور روس کے تعلقات تاریخی ہیں۔ دونوں کے دوستانہ تعلقات سے تمام شعبوں میں دونوں ملک فائدہ اٹھا رہے ہیں‘۔
روس اور امارات نے اقتصادی، ماحولیاتی اور سرمایہ کاری سمیت مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے۔ ان کا مقصد امارات اور روس کے درمیان اسٹراٹیجک شراکت کو مضبوط بنانا اور مشترکہ جدوجہد کے نئے افق کھولنا ہے۔
روسی صدر پوٹین کا کہنا تھا ’ ماسکو عرب امارات کے ساتھ تعاون کے فروغ کے لیے کوشاں ہے اوررہے گا۔ دونوں ملکوں کے تعلقات مسلسل بہتر ہورہے ہیں۔دونوں ملک سیاسی مکالمہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور خطے کی تبدیلیوں کی بابت یکجہتی پیدا کررہے ہیں‘۔