Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوشل میڈیا پر خوابوں کی تعبیر بتانے کا فراڈ

 گورنر ریاض کی ہدایت پر آپریشن شروع کردیا گیا ہے، فائل فوٹو
دنیا کے دیگر ممالک کی طرح سعودی عرب میں بھی غیر اخلاقی اور غیر قانونی طریقے سے پیسے بٹورنے اور راتوں رات مال دار بننے کے لیے بعض لوگ نت نئے طریقے اپناتے رہتے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق حال ہی میں سوشل میڈیا پرخوابوں کی تعبیر بتا کرلوگوں کو بے وقوف بنا کر ان سے پیسے بٹورنے کا ایک سکینڈل سامنے آیا ہے۔
ریاض گورنریٹ کے ترجمان علوش بن فارس بن بادی نے بتایا کہ ممنوعہ سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی ایک کمیٹی کے ارکان نے سوشل میڈیا پر ریاض شہر میں خوابوں کی تعبیر کا دھندہ کرنے والے ایک گروہ کا پتا لگایا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ انہیں خوابوں کی تعبیر کا فن آتا ہے۔ یہ خوابوں کی تعبیر پوچھنے والوں سے معقول رقم لے کر من گھڑت تعبیریں بیان کررہے ہیں۔

حکام نے سوشل میڈیا پر خوابوں کی تعبیر کا دھندہ کرنے والے گروہ کا پتہ لگا لیا ہے

 ترجمان کے مطابق’ خوابوں کی تعبیر کے دعوے دار یہ درخواست بھی کرتے ہیں کہ ان کے پیغام ری ٹویٹ کیے جائیں تاکہ ان کے فالوورز کی تعداد زیادہ سے زیادہ ہوجائے۔ ان میں سے بعض ایسے ہیں جنہیں اس سے قبل کوئی نہیں جانتا تھا۔ تعبیر بیان کرنے والے غیر قانونی اور غیر شرعی حربے استعمال کر رہے ہیں‘۔
 ترجمان نے مزید کہا کہ گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز اور نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمان نے ہدایت جاری کی ہے کہ خوابوں کی تعبیر اور دیسی علاج کا دھندہ کرنے والوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔
 گورنر اور ان کے نائب کی ہدایت پر گروہ کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: