نجی کمپنی کے متاثرہ پاکستانی کارکنوں کا قونصلیٹ سے رابطہ
بدھ 23 اکتوبر 2019 20:47
ارسلان ہاشمی ۔ اردو نیوز، جدہ
کارکنوں کا کہنا ہے کہ انہیں کئی ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں.فوٹو ،اردونیوز
جدہ میں مقامی تعمیراتی کمپنی کے پریشان حال 45 پاکستانی کارکنوں نے قونصلیٹ کے شعبہ ویلفیئر سے رجو ع کر لیا ۔
کارکنوں کا کہنا اہے کہ انہیں کئی ماہ سے تنخواہیں نہیں دی جارہی جبکہ بیشتر کارکنوں کے اقامے بھی کافی عرصہ سے تجدید نہیں ہو ئے۔
اردونیوز سے گفتگو کر تے ہوئے خالد محمد سعید نے بتایا کہ وہ کئی برس سے ایک نجی تعمیراتی کمپنی میں کام کر رہے ہیں جہاں انہیں کئی ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئی۔ کئی ساتھیوں کے اقامے بھی ایکسپائر ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے ہمیں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
متاثرین میں شامل یار محمد کا کہنا تھا کہ 'کمپنی کے ذمے اقاموں کی تجدید اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگی ہوتی ہے مگر ہمیں پانچ ماہ ہو چکے ہیں تنخواہ نہیں ملیں جس کی وجہ سے شدید مشکلات سے دوچار ہیں، رقم نہ ہو نے کے سبب موبائل بیلنس بھی لوڈ نہیں کرسکتے جس کی وجہ سے ہمارا گھروالوں سے رابطہ بھی مشکل ہو گیا ہے۔'
ایک اور متاثرہ شخص محمد اسلم کا کہنا تھا کہ 'کمپنی میں دیگر قومیتوں کے ملازمین بھی ہیں وہ بھی شدید مشکلات کا شکار ہیں، کمپنی کے ذمہ داروں سے جب بھی بات کی وہ کہتے ہیں کہ معاملہ جلد حل ہو جائے گا مگر یہ سنتے سنتے آٹھ ماہ ہو چکے ہیں ہمیں سب سے زیادہ پریشانی اقاموں کی ہے جن کی مدت ختم ہو چکی ہے جس کی وجہ سے ہمارا اسٹیٹس غیر قانونی مقیمین میں ہو جاتا ہے۔'
اس ضمن میں ویلفیئر قونصلر ماجد حسین میمن نے اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ فوری طور پر لیبر کورٹ بھیجاجائے گا۔
شعبہ ویلفیئر کے اہلکار نے متاثرین کو ہدایت کی کہ تمام افراد علیحدہ علیحدہ درخواستیں دیں اور قونصلیٹ میں جمع کریں تاکہ معاملہ لیبر کورٹ میں جمع کرایا جاسکے۔
واضح رہے وزارت محنت کی جانب سے لیبر کورٹ میں مقدمات کی فوری سماعت کے لیے انٹر نیٹ پر درخواست جمع کرانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔