’جس گراؤنڈ میں بطور بال پِکر آیا، اسی میں آج کپتان ہوں‘
’جس گراؤنڈ میں بطور بال پِکر آیا، اسی میں آج کپتان ہوں‘
جمعہ 25 اکتوبر 2019 15:20
بولنگ ہی ہماری طاقت ہے: بابر اعظم (فوٹو اے ایف پی)
پاکستان کی ٹی20 کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کا دورہ چیلنجنگ ہے، کوشش ہو گی کہ اچھا کھیلیں اور جیت کر لوٹیں۔
جمعے کو لاہور میں نیوز کانفرنس میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم میں سینیئر اور جونیئر دونوں ہی کھلاڑی ہیں، اچھا کومبینیشن ہے۔ کوشش یہی ہو گی کہ سری لنکا سیریز کی غلطیاں نہ دہرائیں۔
انہوں نے صحافیوں کو ایک واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ 12 سال قبل اسی گراؤنڈ میں بال پِکر کے طور پر آیا تھا اور اسی گراؤنڈ میں آج کپتان ہوں، جس پر خدا کا شکر گزار ہوں۔
کھلاڑیوں کی سلیکشن کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ میں نے مشورہ ضرور دیا تھا تاہم حتمی فیصلہ سلیکشن کمیٹی کا ہی ہوتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ زیادہ تر کھلاڑی آسٹریلیا میں کھیل چکے ہیں، سبھی کو آئیڈیا ہے کہ وہاں وکٹیں ایکسٹرا باؤنسی ہوتی ہیں، اس کے لیے تیاری کر رکھی ہے۔
ٹیم کے حوالے سے پوچھ گئے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بولنگ ہی ہماری طاقت ہے، محمد عامر، محمد عرفان، وہاب ریاض اور موسیٰ خان پر مشتمل بولنگ لائن تیار کی گئی ہے جو امید ہے بہتر کارکردگی دکھائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں بابر اعظم نے فخر زمان کی سلیکشن اور کارکردگی کے بارے میں بتایا کہ وہ بہت اچھے کھلاڑی ہیں، وہ فارم میں آ رہے ہیں جبکہ شاداب خان بھی کم بیک کر رہے ہیں۔ امام الحق بھی ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا جا رہے ہیں ضرورت پڑنے پر انہیں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اوپننگ کون کرے گا؟ اس سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ میں اور فخرزمان اوپننگ کریں گے۔
اس سوال کے کہ ’سرفراز احمد کی کمی محسوس ہو گی؟‘ پر کہا کہ یقیناً ہو گی، انہوں نے ٹیم کو نمبرون ٹیم بنایا، پاکستان کے لیے ان کی بہت خدمات ہیں تاہم ان کی جگہ محمد رضوان جا رہے ہیں وہ بھی بہت اچھے کھلاڑی ہیں اور ماہر وکٹ کیپر ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان دورہ آسٹریلیا کے دوران تین ٹی 20 اور دو ٹیسٹ میچز کھیلے گا۔
ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ تین نومبر کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
کھیل کی خبریں واٹس ایپ پر حاصل کرنے کے لیے ”اردو نیوز سپورٹس“ گروپ جوائن کریں