سعودی انڈسٹریل سٹی اینڈ ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کے ڈائریکٹر سعد آل وقیان نے بتایا ہے کہ مقامی صنعتی سہولیات کی نگرانی کرنے والے ادارے ’مدن‘ کی زیر نگرانی سعودی عرب میں تین ہزار 474 فیکٹریاں کام کر رہی ہیں جن میں چار لاکھ 35 ہزار ملازمین خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
الوطن اخبار کے مطابق سعد آل وقیان نے بتایا کہ حکومتی سطح پر قائم یہ ادارہ سعودی عرب میں موجود 35 صنعتی شہروں کی نگرانی کر رہا ہے جہاں مختلف نوعیت کی مصنوعات تیار ہو رہی ہیں۔
ان صنعتی شہروں کا رقبہ 200 ملین مربع میٹر پر محیط ہے جس میں بتدریج اضافہ کیا جا رہا ہے۔ سعد آل وقیان نے مزید بتایا کہ مدن کے پاس ان فیکٹریاں کے ساتھ 61 سو 90 معاہدے ہیں جن میں مصنوعات کی ترسیل بھی شامل ہے۔ مختلف صنعتی شہروں میں 360 مزید فیکٹریاں تیاری کے آخری مراحل میں ہیں۔
انہوں نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ 2001 سے 2013 تک مدن کے پاس صنعتی شہروں کے لیے زیادہ منصوبے نہیں تھے مگر اب یہ ادارہ 14 مختلف منصوبوں پر کام کر رہا ہے جن میں زمین کے علاوہ چھوٹی فیکٹریوں کا قیام، کئی عمارات پر مشتمل فیکٹریاں، بڑے بڑے سٹوروں کے علاوہ دیگر اقسام کے معاشی منصوبے بھی شامل ہیں۔
2014 میں کسی بھی منصوبے کے معاہدے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا عمل 60 دن تک مکمل ہوتا تھا جو کہ اب محض 16 دن کے اندر تکمیل کے تمام مراحل طے کر لیتا ہے۔ اسی طرح اب تعمیراتی لائسنس کے اجراء کے لیے بھی تین دن کے بجائے ایک دن میں لائسنس مل جاتا ہے۔
قبل ازیں زمین کے کسی مخصوص حصے کو فیکٹری یا کسی دوسرے منصوبے کے لیے تیار کرنے پر چھ ماہ کا عرصہ درکار تھا تاہم اب تین ماہ میں تیاری کے سارے کام مکمل ہو جاتے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں