Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اس بار انڈین کرکٹرز نے دیوالی کیسے منائی؟

گذشتہ روز انڈیا میں ہندوؤں کا سب سے بڑا تہوار دیوالی اپنی روایتی دھوم دھام سے منایا گیا۔ دیوالی روشنیوں کا تہوار ہے جو ہندوؤں کے بھگوان رام کی 14 سالہ جلاوطنی کے بعد گھر واپسی کی خوشی میں منایا جاتا ہے۔
اس موقعے پر جہاں رام کی نگری ایودھیا میں ایک جگہ مٹی کے ساڑھے پانچ لاکھ دیے جلا کر سب سے زیادہ دیے جلانے کا ورلڈ ریکارڈ بنایا گیا وہیں زندگی کے مختلف شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنے اپنے انداز میں دیوالی منائی۔
گذشتہ دو دنوں سے انڈیا میں سوشل میڈیا پر ’ہیپی دیوالی‘، ’دیوالی‘، اور ’دیوالی 2019‘ مستقل ٹرینڈ کر رہا ہے۔ بالی وڈ ہمیشہ ہی اس میں پیش پیش رہا ہے۔ 
انڈین ٹیم کے کپتان اور دنیا کے سرکردہ کرکٹر وراٹ کوہلی نے اپنی اہلیہ اور اداکارہ انوشکا شرما کے ساتھ اپنی دیوالی کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے سب کو دیوالی کی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا: ’ہماری دعا ہے کہ روشنی کا یہ تہوار آپ کی زندگی کو روشن کر دے اور آپ کے لیے مزید محبت اور امن کا پیامبر ہو۔‘

انڈیا کے نئے ٹیسٹ اوپنر روہت شرما جو ان دنوں اپنے فارم کے لیے شہ سرخیوں میں ہیں انہوں نے اپنے ہم وطن ہندوستانیوں کی دیوالی کی مبارک باد کے ساتھ ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں چند پالتو جانوروں کو خوفزدہ دیکھا جا سکتا ہے۔ انھوں نے لکھا، ’۔۔۔امید کرتے ہیں کہ دیوالی ہمارے لیے مزید روشنی کا باعث ہو۔ چلیں دیوالی کو دیوں سے روشن کرتے ہیں لیکن پٹاخے جلانے سے قبل ان جانوروں کا خیال رکھیں۔ انہیں خوفزدہ دیکھنا خوفناک تھا۔‘
انڈیا کے سابق کرکٹر ظہیر خان نے اپنی اہلیہ کے ساتھ دیوالی کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے مبارکباد دی ہے۔ ظہیر خان نے ایتھلیٹ اور اداکارہ سگاریکا گھٹکے سے شادی کی ہے۔ انہیں شاہ رخ خان کی فلم ’چک دے انڈیا‘ میں دیکھا جا سکتا ہے۔
کرکٹر ہاردک پانڈیا نے اپنے ایک اشتہار کے ساتھ دیوالی کی مبارکباد دی ہے اور لکھا ہے کہ اس بار آلودگی سے پاک دیوالی منائیں۔
خیال رہے کہ دیوالی میں دھویں اور پٹاخوں سے فضا میں آلودگی کی سطح میں بہت زیادہ اضافہ ہو جاتا ہے اور بہت سے لوگوں کو سانس لینے میں اس قدر تکلیف محسوس ہوتی ہے کہ انہیں ہسپتال کا رخ کرنا پڑتا ہے۔
انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ کے نئے سربراہ اور سابق کرکٹر سوربھ گانگولی نے دیوالی کی مبارکباد کے ساتھ جو تصویر پیش کی ہے وہ ایک جوتوں کی کمپنی کا اشتہار ہے جس میں وہ اپنے کتے کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔
جبکہ انڈیا کے سب سے معروف کھلاڑی سچن تنڈولکر نے دیوالی کی مبارکباد کے ساتھ جو ویڈیو پوسٹ کی ہے وہ انوکھی ہے۔ اس میں وہ بات کرتے ہیں لیکن ان کی آواز سنائی نہیں دیتی پھر سکرین پر نظر آتا ہے ’اس سال میں بغیر شور والی دیوالی منا رہا ہوں اور آپ سب کی اسی طرح دیوالی منانے کے لیے حوصلہ افزائی کر رہا ہوں۔‘

 

انڈیا کے معروف سابق کرکٹر عرفان پٹھان نے اپنی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’برتھ ڈے اپن کا اور پٹاخے سارے انڈیا میں۔ میرے یوم پیدائش کو سپیشل بنانے کے لیے شکریہ۔ آپ سب کو دیوالی کی مبارکباد۔۔۔‘
خیال رہے کہ عرفان پٹھان کا یوم پیدائش 27 اکتوبر ہے اور رواں سال دیوالی کی تاریخ بھی 27 اکتوبر رہی ہے۔
انڈین خبروں کے لیے ’’اردو نیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: