ایسی ٹی شرٹس پہننے والوں کے خلاف کارروائی ہوئی ہے جن پر نامناسب جملے درج ہیں (فوٹو: الریاض)
سعودی عرب میں ضابطہ اخلاق عامہ کے قانون کا نفاذ ہوچکا ہے جس کے تحت لباس اور معاشرتی اخلاقیات سے متعلق 19 نکات کو شامل کیا گیا ہے۔
ضابطہ اخلاق عامہ کی خلاف ورزی پر 50 ریال سے 3 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ سرکاری اداروں کے اہلکاروں سمیت شاپنگ مالز کے سکیورٹی گارڈ قانون نافذ کریں گے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی عرب میں گذشتہ 4 دنوں کے دوران سب سے زیادہ لباس سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی ریکارڈ کی گئی ہے۔
سعودی عرب میں مرد عام طور پر گھر میں پہننے والا ثوب (نائیٹی) عوامی مقامات میں بھی پہن کر جاتے ہیں۔ ضابطہ اخلاق عامہ کے تحت ایسا کرنے سے منع کیا گیا ہے جس پر جرمانہ ہو گا۔
گھروں میں پہننے والے اور نامناسب قسم کے ملبوسات عوامی مقامات میں پہننے کی خلاف ورزیاں سب سے زیادہ پکڑی گئی ہیں۔
اسی طرح پکڑی جانے والی خلاف ورزیوں میں ایسی ٹی شرٹس پہننے والوں کے خلاف کارروائی ہوئی ہے جن پر نامناسب جملے درج ہیں۔
واضح رہے کہ سابق سعودی وزیر داخلہ نے ضابطہ اخلاق عامہ کی منظوری دی تھی ۔
سعودی عرب کی تازہ خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں