Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بارودی سرنگ کا دھماکہ، نو بچے ہلاک

بارودی سرنگ پھٹنے کا واقعہ شمال مشرقی صوبے تخار میں پیش آیا، فوٹو: روئٹرز
افغانستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں نو بچے ہلاک ہو گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق سنیچر کو افغانستان کے شمال مشرقی صوبے تخار میں بچے سکول جاتے ہوئے بارودی سرنگ کا نشانہ بنے۔
صوبے کے پولیس ترجمان خلیل عصر کے مطابق ’یہ علاقہ طالبان کے کنٹرول میں ہے اور افغان فورسز کے حملوں سے بچنے کے لیے طالبان نے اس علاقے میں بارودی سرنگیں بچھا رکھی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’طالبان کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگوں میں سے ایک دھماکے سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں سکول جانے والے نو بچے ہلاک ہو گئے۔‘

افغانستان میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد میں 42 فیصد اضافہ ہو گیا ہے، فوٹو: اے ایف پی

پولیس افسر کے مطابق ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں نو سے 12 برس کے درمیان تھیں اور ان میں سے چار بچوں کا تعلق طالبان کے خاندان سے تھا۔
روئٹرز کے مطابق اس واقعے پر ردعمل جاننے کے لیے طالبان سے رابطے کی کوشش کی گئی لیکن رابطہ نہیں ہو سکا۔ 
واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے باوجود رواں برس عام شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن نے گذشتہ ماہ بتایا کہ رواں برس جولائی سے ستمبر کے دوران 4 ہزار 313 افراد ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔ مشن کے مطابق عام شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد یہ تعداد گذشتہ برس کے مقابلے میں 42 فیصد زیادہ ہے۔  

شیئر: