مملکت میں غیر لائسنس یافتہ دوائیں فروخت کرنے پر پابندی ہے
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے پھر خبردار کیا ہے کہ مملکت میں آن لائن اور ٹیلی فون پر غیر معروف دوائیں فروخت کرنا خلاف قانون ہے۔
سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع ابلاغ استعمال کرتے ہوئے دواﺅں کی فروخت یا انکے اشتہار چلانے والے قانون شکنی کے زمرے میں آتے ہیں۔
سبق نیوز کے مطابق مقامی شہری کی جانب سے انٹر نیٹ پر وائر ل اشتہارات کے حوالے سے دریافت کیا گیا۔
شہری کے استفسار کا جواب دیتے ہوئے فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ’ انٹر نیٹ پر ایسے اشتہارات کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے جوبغیر منظوری کے جاری کیے جاتے ہیں‘۔
واضح رہے سوشل میڈیا پر ایسی دواﺅں کی مارکیٹنگ بڑے پیمانے پر جاری ہے جو غیر معروف ہیں۔
سوشل میڈیا پر لوگوں کا کہنا ہے کہ غیر معروف دواﺅں کے اشتہارات کی بھر مار مشکلات کا باعث بنتی ہے۔ اشتہارات میں دکھائی جانے والی مصنوعات ایسی ہوتی نہیں جیسا انہیں ظاہر کیا جاتا ہے۔
ایک صارف کا کہنا تھا ’ انٹر نیٹ پر اشتہار دیکھ کر دوا خریدی مگر جب اسے استعمال کیا اس سے صحت مزید متاثر ہو ئی ۔ ڈاکٹر سے رجوع کرنے پر معلوم ہوا کہ دوا کے استعمال سے سائیڈ افیکٹ ہوا ہے‘۔
فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے مطابق مملکت میں غیر لائسنس یافتہ دوائیں فروخت کرنے پر پابندی عائد ہے ۔ ایسا کرنے والے قانون شکنی کے مرتکب ہوتے ہیں۔
اتھارٹی کی جانب سے انٹرنیٹ پر ایسے اشتہارات پر بھی نظر رکھی جاتی ہے جو غیر قانونی طور پر اپ لوڈ کیے جاتے ہیں۔