Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منی لانڈرنگ پر سزا میں کمی ممکن ہے؟

منی لانڈرنگ پر 15 برس قید اور 70 لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا مقرر ہے
سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی (ساما) نے خبردار کیا ہے کہ منی لانڈرنگ سعودی قانون کے مطابق جرم ہے۔ اس سے سنگین اقتصادی اور سماجی نقصانات ہوتے ہیں۔ دنیا کا کوئی بھی ملک منی لانڈرنگ کے جرائم کا متحمل نہیں ہوتا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق ساما کے ماتحت انسداد منی لانڈرنگ کی مجلس قائمہ کے اعلامیے میں کہا گیا کہ سعودی عرب میں منی لانڈرنگ پر 15 برس تک قید اور 70 لاکھ ریال تک کے جرمانے کی سزا مقرر ہے۔ ان دونوں میں سے کسی ایک سزا پر بھی اکتفا کیا جاسکتا ہے۔

غیر ملکی کو سزا مکمل ہونے پر سعودی عرب سے بیدخل کردیا جاتا ہے۔

انسداد منی لانڈرنگ کی مجلس قائمہ کے مطابق بعض عناصر کالے دھن کو سفید کرنے کے لیے منی لانڈرنگ کا سہارا لیتے ہیں۔ سعودی قانون کے بموجب ایسا ہر عمل جس کے ذریعے کالے دھن کو سفید کرنے کی کوشش کی جارہی ہو یا اس میں کسی طرح کا کوئی تعاون دیا جارہا ہو جرم ہے اور اس پر قید اور جرمانے کی سزا مقرر ہے۔
منی لانڈرنگ کے جرائم او رمسائل سے نمٹنے کے لیے سامانے اپنی سربراہی میں ایک مجلس قائمہ قائم کی ہے۔ مجلس قائمہ، داخلہ، خارجہ ، انصاف ، تجارت و سرمایہ کاری، خزانہ ، محنت و سماجی بہبود ، اسلامی و دعوتی امو رکی وزارتوں ، ریاستی سلامتی کی پریذیڈنسی، پبلک پراسیکیوشن، محکمہ خفیہ اور کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی کے نمائندوں پر مشتمل ہے۔
یاد رہے کہ مجلس قائمہ کے قیام کا فیصلہ سعودی کابینہ نے 3مئی 1999 کو کیا تھا۔

دنیا کا کوئی بھی ملک منی لانڈرنگ کے جرائم کا متحمل نہیں ہوتا۔

انسداد منی لانڈرنگ کی مجلس قائمہ کا کہناہے کہ منی لانڈرنگ کی سرگرمیوں سے کسی بھی معاشرے میں جرائم کی شرح بڑھ جاتی ہے۔ تعلیمی و ثقافتی اقدار دم توڑنے لگتی ہے۔ منی لانڈرنگ کے جرائم راتوں رات مالدار بننے کے چکر میں ہوتے ہیں۔
ساما کے مطابق اگر کسی سعودی شہری کو منی لانڈرنگ کا مجرم قرار دیا جاتا ہے تو اسے قید کی سزا کے مماثل مد ت تک مملکت سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔ 
 منی لانڈرنگ میں ملوث غیر ملکی کو قید اور جرمانے کی سزا مکمل ہونے پر سعودی عرب سے بیدخل کردیا جاتا ہے۔
ساما نے واضح کیا کہ اگر منی لانڈرنگ میں ملوث کسی سعودی شہری یا مقیم غیر ملکی نے پیش قدمی کرکے واردات کی رپورٹ حکام کو کردی یا منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کی بابت ایسی اطلاعات فراہم کیں جن کی بنیاد پرانہیں گرفتار کرلیا گیا ہو یا رپورٹنگ پر منی لانڈرنگ کا سرمایہ ضبط کرلیا گیا ہو تو ایسی صورت میں اس کی سزا میں تخفیف کی جاسکتی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: