سعودی عرب اور چین کی بحریہ ’نیلی تلوار2019‘ کے نام سے مشقیں کریں گے۔ یہ مشقیں اتوار17 نومبر کو سعودی عرب کے مغربی بحری بیڑے کے ساتھ کنگ فیصل سی بیس میں شروع ہوں گی۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب اور چین کی بحری افواج یہ مشقیں خطے میں درپیش تمام چیلنجوں سے نمٹنے اور امن و استحکام کے تحفظ کی خاطر کریں گی۔
بحری فوجی مشقوں کے اور بھی کئی اہداف ہیں۔ بنیادی طور پر خطے اور عالمی امن و سلامتی کی حفاظت کے لیے پوری طرح چوکس رہنے کے لیے مشقوں کا پروگرام ہے۔
سعودی بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ان مشقوں کی بدولت سعودی بحریہ اور چینی بحریہ کے درمیان تعاون مضبوط ہوگا۔ اعتماد کے رشتے مستحکم ہوں گے۔
دونوں ملکوں کی بحری افواج ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گی۔ بحری دہشت گردی اور بحری قزاقوں سے نمٹنے کے سلسلے میں دونوں ملکوں کی بحری افواج کی استعداد بھی بڑھے گی۔