137 سالہ معمر یمنی کے 183 پسماندگان
شہدانکی پسندیدہ خوارک میں شامل رہا ، فوٹو اخبار 24
یمن کی کمشنری شبوہ کے معمر ترین شہری احمد محمد الخلیفی 137 برس کی عمرمیں انتقال کر گئے۔
لواحقین میں بچوں کے علاوہ پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں کی تعداد 183 بتائی جاتی ہے۔
اخبار 24 نے یمنی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے لکھا ہے کہ شبوہ کمشنری کے قدیم ترین شہری الحاج احمد الخلیفی انتقال کے وقت مکمل طور پر صحت مند تھے۔ طویل عمری کے باوجود انہیں کوئی جسمانی عارضہ لاحق نہیں تھا۔
متوفی کے 183 بیٹے، بیٹیاں، پوتے، پوتیاں اور نواسے نواسیاں ہیں۔ متوفی کی تیسری نسل کے بعض بچوں نے اپنے دادا یا نانا کو دیکھا بھی نہیں تھا کیونکہ وہ اپنے آبائی علاقے سے نقل مکانی کر کے دوسری کمشنریوں میں چلے گئے تھے۔
معمرترین یمنی باشندے الخلفیی کے بارے میں ان کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ انتقال سے قبل تک وہ چلتے پھرتے اور اپنے تمام امور خود ہی انجام دیتے تھے۔
اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ متوفی اچھے اخلاق کے مالک تھے وہ ہمیشہ لمبی واک کیا کرتے تھے۔ پیدل چلنا ان کا معمول تھا جبکہ انتہائی سادہ خوراک استعمال کرتے تھے۔
اہل خانہ نے یمنی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دادا نے کبھی مرغن غدائیں استعمال نہیں کیں تھیں۔ شہد ان کی پسندیدہ خوراک تھا وہ ہمیشہ صبح نہار منہ شہد کا استعمال کیا کرتے تھے۔ بکری کا دودھ اور دیسی گھی سے بھی وہ خاص رغبت رکھتے تھے۔
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں