Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ سمیت کئی شہروں میں بارش

محایل عسیر میں بارش کے بعد علاقہ ڈوبا ہوا ہے۔ فوٹو سبق
سعودی عرب کے مختلف شہروں اور علاقوں میں جمعہ کو گردو غبار کا طوفان اور بارش کی اطلاعات ہیں۔ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ ، ینبع اور العیص میں موسلا دھار بارش ہوئی ہے۔
 الجوف، شمالی حدود ریجن اور تبوک کے مختلف مقامات پر بھی بارش ہوئی۔جدہ میں جمعہ کی صبح مطلع آبر آلود رہا تاہم رات کو بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے سڑ کیں زیر آب آگئیں ۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں بعض مقامات پر موسلا دھار اور مکہ جدہ شاہراہ پر درمیانے درجے کی بارش ریکارڈ کی گئی۔

مکہ جدہ شاہراہ پر درمیانے درجے کی بارش ریکارڈ کی گئی۔۔ فوٹو سبق

وزارت داخلہ کے ماتحت نیشنل سیکیورٹی آپریشن سینٹر نے بتایا کہ بارش سے قبل مکہ جدہ شاہراہ اور مکہ مکرمہ میں مختلف مقامات پر گردو غبار کا شدید طوفان چھایا رہا۔ حد نگاہ محدود ہوگئی تھی۔
نیشنل سینٹر نے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے کہا کہ وہ بارش کے دوران اختیار کی جانے والی تدابیر کی پابندی کریں۔
ماہر موسمیات سامی الحربی نے توقع ظاہر کی کہ بارش کا سلسلہ بدھ تک جاری رہے گا۔ ایک او رماہر موسمیات عبدالعزیز الحصینی نے بتایا کہ آئندہ 36گھنٹوں کے دوران سعودی عرب کے متعدد علاقوں میں بارش ہوگی۔ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

آئندہ پیر تک موسم غیر مستحکم رہے گا۔ گردو غبار کا طوفان بھی متوقع ہے۔فائل فوٹو عرب نیوز 

 مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، الجوف ، الشمالیہ ، تبوک، القصیم، حائل ، باحہ، عسیر ، جازان، شمالی ریاض اور الشرقیہ کے مغربی علاقوں میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
موسمیات کے تجزیہ نگار محمد التمیمی نے بتایا کہ ہفتے سے شمالی حدود، الجوف اور حائل میں موسلا دھار بارشیں ہوں گی۔ آئندہ ہفتے کے وسط میں ان کا سلسلہ مکہ، ریاض، قصیم اور الشرقیہ تک پہنچ جائے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مدینہ منورہ ریجن میں کہیں بوندا باندی اور کہیں زیادہ بارش ہوئی ہے ۔منگل سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

بارش کے بعد العیص اور المثلث روڈ احتیاطاً بند کردیا گیا۔فائل فوٹو عرب نیوز 

ینع اور العیص میں بھی جمعہ کو بارش کے بعد العیص اور المثلث روڈ احتیاطاً بند کردیا گیا۔
الامارات الیوم کے مطابق متحدہ عرب امارات کے قومی مرکز برائے موسمیات نے خبردار کیا کہ آئندہ پیر تک موسم غیر مستحکم رہے گا۔ گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ گردو غبار کا طوفان بھی متوقع ہے۔

شیئر: