Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نواز شریف منگل کو بیرون ملک جائیں گے‘

ڈاکٹر عدنان کے مطابق سابق وزیراعظم کو لندن لے جانے والی ایئر ایمبولینس طبی عملے اور آلات سے لیس ہوگی۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف آئندہ 48 گھنٹوں میں بیرون ملک علاج کے لیے روانہ ہوں گے۔
اتوار کو سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان خان نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’نواز شریف جیسے ہی سفر کے لیے ’طبی استحکام‘ حاصل کرتے ہیں ان کو علاج کے لیے اگلے 48 گھنٹوں میں لندن لے جایا جائے گا۔‘
ادھر مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹروں نے اتوار کی صبح سابق وزیراعظم کا طبی معائنہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف منگل کو بیرون ملک علاج کے لیے روانہ ہوں گے۔ 
ڈاکٹر عدنان خان کے مطابق سابق وزیراعظم کو لندن لے جانے والی ایئر ایمبولینس جلد آ رہی ہے جو طبی عملے اور آلات سے لیس ہوگی۔

 

اس سے قبل سنیچر کو رات گئے مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ نواز شریف کے بیرون ملک علاج کے لیے تیاریاں ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دی گئی ہیں۔
ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں مریم اورنگزیب نے عدالتی فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو طبی طور پر تیار کرنے کے لیے ڈاکٹروں کو 48 گھنٹے کا وقت چاہیے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہبیرون ملک فضائی سفر کے دوران نوازشریف کے پلیٹ لیٹس برقرار رکھنے اور دل کی کسی ممکنہ تکلیف سے بچاؤ کے لیے ڈاکٹر تیاری کر رہے ہیں۔

نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر ن لیگ کے کارکنوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

مسلم لیگ ن کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر دوران سفر کسی ممکنہ پیچیدگی کے سدِباب کے لیے تمام احتیاطی تدابیر بروئے کار لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی اولین کوشش نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کو اس محفوظ سطح پر لانا ہے جس سے وہ بحفاظت سفر کر سکیں۔
سنیچر کو لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم کی جانب سے ملک واپس آنے کا بیان حلفی دیے جانے کے بعد ان کو بیرون ملک علاج کے لیے جانے کی غیر مشروط اجازت دی تھی۔ قبل ازیں پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ نواز شریف بیرون ملک جانے سے قبل سات ارب روپے کے ضمانتی بانڈ جمع کرائیں۔
حکومت کے اس میمورنڈم کو مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست کی تھی۔

شیئر: