شاہ سلمان مجلس شوریٰ کو رہنما ہدایات دیں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز بدھ کو مجلس شوریٰ سے سالانہ خطاب کریں گے۔ یہ بات مجلس شوریٰ کے ذرائع نے سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کو بتائی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق صدر شوری ڈاکٹر عبداللہ آل شیخ نے بتایا ہے کہ شاہ سلمان سعودی عرب کی سیاسی پالیسی پر روشنی ڈالیں گے۔ ملک کی داخلی اور خارجہ پالیسی بیان کریں گے جبکہ آئندہ برس سے متعلق مجلس شوریٰ کو رہنما ہدایات دیں گے۔
صدر شوریٰ کے مطابق مجلس شوری نے اپنے ساتویں سیشن کے تیسرے سال کے دوران 65 اجلاس کیے جبکہ 262 قراردادیں حتمی منظوری کے لیے شاہ سلمان کو پیش کی گئیں۔
یاد رہے کہ بانی مملکت شاہ عبدالعزیز نے متحدہ ریاست کے قیام کے موقعے پر مجلس شوریٰ قائم کی تھی۔
ابتدا میں شوری کی کوئی مخصوص شکل نہیں تھی۔ تب عوامی مجلس، مشاورتی بورڈ، مشیران ایوان شاہی، علما عمائدین اور قبائل کے سرداروں سے مشاورت کی جاتی تھی۔
1927 میں پہلی باقاعدہ مجلس شوریٰ تشکیل دی گئی جس کے ارکان کی تعداد آٹھ تھی جبکپ نائب الملک کو اس کا صدر بنایا گیا تھا۔