شائقین ریاض سیزن ایپلی کیشن کی مدد سے معلق ریستوران میں بکنگ کراسکتے ہیں (فوٹو: سبق)
ریاض سیزن میں بلندیوں پر رہنے کے خواہشمند افراد کے لیے ونٹر ونڈر لینڈ میں قائم معلق ریستوران میں ڈنر کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس ریستوران میں زمین سے 50 میٹر بلندی پراپنی نوعیت کا منفرد ڈنر کیا جاسکے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق فضا میں ڈنر کے لیے زمین سے 50 میٹر کی اونچائی پر معلق ریستوران قائم کیا گیا ہے۔ اس کا منظر بڑا جاذب نظر ہے۔
معلق ریستوران کے اپنے طور طریقے اور آداب ہیں۔ ریستوران چلانے والی کمپنی نے پابندی عائد کی ہے کہ وہی لوگ اس معلق ریستوران میں ڈنر کرسکیں گے جن کا قد 130سینٹی میٹر یا اس سے زیادہ ہو۔ حاملہ خواتین اور ایسے لوگ نہیں جاسکتے جو بلندی سے خوف کھاتے ہوں۔
معلق ریستوران میں سگریٹ نوشی پر کڑی پابندی ہے۔ اس کے کسی بھی حصے میں آپ تمباکو نوشی نہیں کرسکتے۔ ریستوران جاتے وقت اپنے ہمراہ کھانے پینے کی کوئی چیز لے جانا منع ہے۔ حفاظتی بیلٹ کی پابندی کرنا ہوگی۔ زمین سے ریستوران تک جانے کے دوران جو ہدایات دی جائیں گی ان کی پابندی کرنا ہوگی۔
معلق ریستوران میں ڈنر کے شائقین ریاض سیزن ایپلی کیشن کی مدد سے بکنگ کراسکتے ہیں۔ دلفریب ڈنر کا لطف اٹھانے کے لیے اوقات کار کی پابندی کرنا ہوگی۔ تمام تفصیلات بکنگ کے وقت آگاہ کی جائیں گی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں