سعودی عرب کے وزیر ثقافت اور ڈپلومیٹک ایریا کے اعلیٰ ادارے کے چیئرمین شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان آل سعود نے ریاض کے پارک کو جرمن انجینیئر رچرڈ پوڈیکر سے منسوب کردیا۔
الوطن اخبار کے مطابق جرمن انجینیئر رچرڈ پوڈیکر نے 46 برس تک ریاض کی منصوبہ بندی کے ادارے کے لیے خدمات انجام دیں۔ جرمن انجینیئر خشک علاقو ں کو سبزہ زاروں میں بدلنے کے ماہرین میں سے ایک تھا۔ 82برس کی عمر میں چل بسا۔
شہزادہ بدر آل سعود نے ڈپلومیٹک ایریا کے الحجر پارک کو جرمن انجینیئر سے منسوب کیا ہے۔
رچرڈ پوڈیکر نے 1973 سے ریاض میں منصوبہ بندی کا آغاز کیا تھا۔ متعدد بڑے منصوبوں کی پلاننگ کی۔ خصوصاً ریاض کے پبلک پارکس کی منصوبہ بندی کا سہرا انہی کے سر جاتا ہے۔ ڈپلومیٹک ایریا ، کنگ عبدالعزیز ہسٹوریکل سینٹر اور قومی عجائب گھر کے پارکو ںکی بھی منصوبہ بندی کی۔
جرمن انجینیئر نے ریاض شہر کے اہم علاقو ں میں پارک اور شجر کاری کا منصوبہ پیش کیا تھا۔ ریاض قصر الحکم کے آس پاس کے علاقے کو شاندار تفریح گاہ میں تبدیل کرنے کا منصوبہ پیش کیا جہاں کھجور کے سو درخت لگوائے ۔ یہ تعداد سعودی عرب کی 100ویں سالگرہ کے حوالے سے رکھی گئی تھی۔
رچرڈ پوڈیکر نے ریاض کو سبزہ زاروں سے آباد کرنے کے تصورات پیش کرنے کے وادی حنیفہ کی شجر کاری اور آب پاشی کا منصوبہ تجویز کیا تھا۔ ریاض ان منصوبوںکی بدولت انتہائی اہم تفریحی مراکز میںسے ایک بن چکا ہے۔