مملکت میں فلاحی تنظیمیں سرکاری اداروں میں رجسٹرڈ کی جاتی ہیں ۔ فوٹو ۔حوطہ نیٹ
یتیموں کی فلاحی انجمن "الانسان " موسم سرما کے دوران 40 لاکھ ریال کے گرم ملبوسات اور لوازمات 37 ہزار افراد میں تقسیم کرے گی ۔ریاض ریجن میں رجسٹرڈ فلاحی انجمن کی 20 شاخیں ہیں جن میں 5ریاض شہر جبکہ باقی نواحی قصبوں میں قائم ہیں ۔
فلاحی انجمن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موسم سرما کا آغا ز ہو چکا ، ریاض میں سردی غیر معمولی پڑتی ہے اسی مناسبت سے انجمن کی جانب سے گرم ملبوسات اور دیگر لوازمات تقسیم کرنے کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں ۔
عاجل ویب نیوز کے مطابق مذکورہ فلاحی انجمن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے ضرورت مند یتیم جو انکے ادارے میں رجسٹرڈ ہیں پہلے انہیں امدادی و ضرورت کی اشیاء مہیا کی جائیں گی بعد ازاں دیگر افراد میں بھی انکی ضرورت کے مطابق اشیاء تقسیم کی جائیں گی ۔
واضح رہے سعودی عرب میں فلاحی انجمن باقاعدہ حکومتی اداروں میں رجسٹرڈ کی جاتی ہیں ۔ غیر رجسٹرڈ ادارے کام کرنے کے اہل نہیں ہوتے۔
قانون کے مطابق فلاحی اداروں اور انجمنوں کی تفصیلات سرکاری ارادے میں جمع کرائی جاتی ہیں جس کے بعد انہیں امداد وصول کرنے اور تقسیم کرنے کی اجازت دی جاتی ہے ۔
" الانسان " فلاحی تنظیم کے ذرائع کا کہنا انکے سسٹم میں 37 ہزار افراد رجسٹرڈ ہیں اس کے علاوہ دیگر ضرورت مندو ں کو بھی فلاحی ادارے کی جانب سے مدد کی جاتی ہے ۔